ڈی ایس ریلوے انعام اللہ کی ہدایت پر ڈی سی او ریلوے عبداللہ ارشد نے رات گئے موسیٰ پاک ٹرین پر اچانک چھاپہ مارا اور ٹکٹوں کی چیکنگ کی۔ دورانِ چیکنگ ٹرین میں 11 مسافر بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہوئے پکڑے گئے، جن سے 9 ہزار 25 روپے کرایہ جبکہ 5 ہزار 985 روپے جرمانے کی مد میں وصول کیے گئے۔ کارروائی کے دوران کمرشل انسپکٹرز فیصل نذیر اور حاجی محمد اشرف سمیت اسپیشل ٹکٹ چیکنگ اسکواڈ بھی موجود تھا۔ ڈی سی او ریلوے عبداللہ ارشد نے مسافروں سے سفری سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ٹرین میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موسیٰ پاک ٹرین کی اے سی کوچز میں بھی ایس او پیز کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو صفائی اور سروس کا معیار مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔