عمان: پی ایس او اور عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت عمانی کمپنی پی ایس او کو دوسو ملین ڈالر کا کریڈٹ فراہم کرے گی۔ اس حوالے سے وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی مسقط میں عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی سے ملاقات ہوئی جن کی موجودگی میں تقریب میں یہ معاہدہ طے پاگیا۔ عمان کی او کیو ٹریڈنگ پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے 2 سو ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت بھی فراہم کرے گی، معاہدے کے تحت پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے لیے باقاعدہ تجارتی فریم ورک قائم ہوگا۔ معاہدہ پاکستان کی توانائی سکیورٹی اور پیٹرولیم درآمدات کے ذرائع میں تنوع کے لیے اہم پیش رفت قرار پایا ہے، پاکستان اور عمان نے تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جس کے لیے پاکستان اور عمان کے درمیان آئل اینڈ گیس کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ دونوں وزراء نے مشترکہ ورکنگ گروپ کے ذریعے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ عمان کی او کیو ٹریڈنگ نے 2026 میں پی ایس او کو 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پٹرول فراہم کیا، او کیو ٹریڈنگ کی پاکستان کو ایل پی جی فراہمی 2026 کے اختتام تک ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔۔