ایکسپریس اردو
کراچی میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان آج کہاں منعقد ہوں گے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
شہر قائد میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان آج دو مختلف امتحانی مراکز میں منعقد ہورہا ہے جس کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں انتظامات کیے گئے ہیں۔
این ای ڈی یونیورسٹی میں ایم ڈی کیٹ کے امیدواروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ کے باہر امیدواروں اور ان کے والدین کا رش دیکھنے میں آرہا ہے۔
امتحانی انتظامیہ کے مطابق امیدواروں کے لیے رپورٹنگ کا وقت صبح 6 بجے مقرر کیا گیا تھا، جس کے باعث صبح سویرے ہی امتحانی مراکز کے اطراف امیدواروں اور والدین کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔
این ای ڈی یونیورسٹی کے اطراف امیدواروں اور والدین کی آمد کے باعث ٹریفک کا دباؤ بھی بڑھ گیا ہے جبکہ یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونا شروع ہوگئی ہے۔
امتحانی مراکز کے اطراف سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس و رینجرز کی نفری تعینات کردی گئی ہے تاکہ امیدواروں اور ان کے والدین کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ٹریفک اور دیگر انتظامی امور کو بھی کنٹرول کیا جاسکے۔
حکام نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ امتحانی مرکز میں داخلے کے دوران انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری رش سے گریز کریں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.