ایکسپریس اردو
برطانیہ میں نابالغ لڑکیوں کیساتھ جنسی زیادتی؛ پاکستانی نژاد ملزم کو 24 سال قید
برطانیہ میں کئی سال تک قانون کی گرفت سے بچنے والے 55 سالہ محمد خالد کو دو نوعمر لڑکیوں کے خلاف جنسی جرائم اور منشیات فراہم کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر 24 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ہڈرزفیلڈ سے تعلق رکھنے والے محمد خالد 2020 میں تفتیش کے دوران ملک سے فرار ہوگیا تھا جسے رواں سال مانچسٹر ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔
پاکستانی نژاد محمد خالد نے یہ جنسی جرائم 2003 سے 2006 کے دوران کرکلیز کے علاقے میں انجام دیے تھے۔ لیڈز کراؤن کورٹ میں 7 روزہ مقدمے کی سماعت کے بعد جیوری نے اسے 8 الزامات میں مجرم قرار دیا تھا۔
ان جرائم میں ایک نوعمر لڑکی کے ساتھ پانچ مرتبہ جبری زیادتی اور جنسی حملہ جبکہ دوسری لڑکی کو 2005 میں دو مرتبہ منشیات فراہم کرنا شامل تھا۔ عدالت نے اسے مجموعی طور پر 24 سال قید کی سزا سنائی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم 2020 میں جنسی جرائم کی تحقیقات کے دوران برطانیہ چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ اس کی تلاش جاری رکھی گئی اور 23 اپریل 2026 کو برطانیہ واپسی پر مانچسٹر ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا۔
عدالت میں ایک متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس زیادتی کے اثرات نے اس کی خود اعتمادی، ذہنی صحت، تعلیم اور خاندانی زندگی کو متاثر کیا۔ وہ ماضی کو پیچھے چھوڑ کر محفوظ اور خوش حال زندگی گزارنا چاہتی ہے۔
پولیس افسر فل ڈیوس نے متاثرہ خواتین کی ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود جنسی جرائم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.