اے این ایف کا افغانستان سے منسلک منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، کوئٹہ میں گاڑی سے 25 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کارروائی سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ کے قریب مشرقی بائی پاس سے متصل علاقے میں کی گئی۔ برآمد ہونے والی ہیروئن کی مالیت 3 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے، جسے گاڑی میں انتہائی مہارت سے تیار کیے گئے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق افغانستان کے سرحدی علاقے برامچہ سے سرگرم منشیات اسمگلنگ کا نیٹ ورک بلوچستان کے راستے منشیات سندھ اور پنجاب منتقل کرنے کی کوشش میں تھا۔ اے این ایف کے مطابق کارروائی افغانستان سے منسلک منشیات اسمگلنگ کے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف اہم کامیابی ہے۔ پاکستان کی سرزمین کو منشیات کی غیر قانونی ترسیل کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔