ایکسپریس اردو
26ویں، 27ویں آئینی ترمیم اور عمران خان کی قید پر بھی ریفرنڈم کروائیں، بلاول بھٹو
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر پنجاب اور سندھ اسمبلی کی منظور کردہ قراردادوں کی حمایت کرتے ہیں، جب صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم ہوسکتا ہے تو 26، 27ویں آئینی ترمیم اور عمران خان کی سیاسی قید پر بھی عوامی رائے لی جائے۔
ملتان پریس کلب ملتان میں میٹ دی پریس سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ملکی حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ ایک نیا چارٹر آف ڈیموکریسی کی ضرورت ہے، سیاست دانوں کو عوام کے ریلیف کیلیے کچھ سوچنا اور اقدامات کرنا ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی پنجاب اور سندھ میں مختلف مؤقف نہیں رکھتی، دونوں اسمبلیوں کی قراردادوں کے ساتھ ہیں۔ سندھ اسمبلی دسیوں بار صوبے کی تقسیم کی قرارداد کو کثرت رائے سے مسترد کرچکی ہے۔
بلاول نے کہا کہ صوبے کے معاملے پر ریفرنڈم کرانے کی صورت میں مزید تنازع ہوگا، اگر صوبوں پر ریفرنڈم ہوسکتا ہے تو پھر 26ویں، 27ویں آئینی ترمیم اور عمران خان کی سیاسی قید کے حوالے سے بھی ریفرنڈم کروایا جائے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ وہ پنجاب کی تقسیم کے حق میں نہیں، سندھ اسمبلی بھی سندھ کی تقسیم کے خلاف قراردادیں منظور کرچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں احتجاج کرنے والے پیپلزپارٹی کو وفاق پرست جماعت کہتے ہیں جبکہ اصل میں پیپلزپارٹی پاکستان پرست جماعت ہے۔
بلاول بھٹو نے ایک بار پھر سسٹم ری سیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل جمہوری انداز میں نکالنا اور سیاسی طور پر سسٹم کو ری سیٹ ہونا چاہیے، آج نوجوان ڈگریاں لینے کے باوجود بے روزگار ہیں جبکہ عام آدمی کی معاشی صورت حال انتہائی خراب ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ انتخابی نظام پر سیاسی جماعتوں کا اعتماد بحال کیے بغیر انتخابات اور ریفرنڈم متنازع رہیں گے، موجودہ انتخابات پر حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اعتراضات ہیں۔ تمام اہم فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہئیں اور پارلیمان کو فعال بنایا جائے۔
بلاول بھٹو نے ایک بار پھر کہا کہ میرے نزدیک آئینی ترمیم کے بعد ملنے والی ایوان کی مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق ہیں اور انہیں ہی ملنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں سندھ حکومت نے بہت محنت کے بعد امن قائم کیا، صوبے کے حق میں ریلی سے امن و امان خراب ہونے کا خدشہ ہے، اس مسئلے کا حل سیاسی مکالمے اور جمہوری طریقے سے کرنا یوگا۔
بلاول نے کہا کہ پورے جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی موجود ہے، شفاف انتخابات ہوں تو پورے پنجاب میں پیپلز پارٹی نظر آئے گی۔ میں مفاہمت کے لیے ری سیٹ کو حاصل کرنا چاہتا ہوں-
انہوں نے کہا کہ خون ریزی والی دھمکی کبھی نہیں دی اور اس کا جواب پہلے دے بھی چکا ہوں تاہم ہم خون لینے نہیں بلکہ ملک کو دینے والے لوگ ہیں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.