ایکسپریس اردو
کراچی کے ریڈ زون میں بڑی ڈکیتی، ڈاکوؤں نے تاجر سے 3 کروڑ روپے لوٹ لیے
شہر قائد کے حساس ریڈ زون میں آٹلری میدان تھانے کی حدود میں میٹروپول کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے ایک تاجر سے مبینہ طور پر 3 کروڑ روپے لوٹ لیے۔
پولیس کے مطابق واردات میں 4 سے 6 مسلح ملزمان شامل تھے، جنہوں نے متاثرہ شہری کو اسلحے کے زور پر روکا اور اس کی گاڑی کی ڈگی کھلوائی۔ ملزمان ڈگی میں موجود 3 کروڑ روپے کی رقم لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ تاجر جانوروں کی فیڈ ایکسپورٹ کا کاروبار کرتا ہے اور اس کی فیلڈ اینمل کے نام سے ایکسپورٹ کمپنی ہے۔
متاثرہ شہری نے پولیس کو بتایا کہ واردات پیر کی دوپہر تقریباً 3 بجے ہوئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان تاجر کا گلشن اقبال بلاک 17 سے پیچھا کرتے ہوئے آرہے تھے اور مناسب موقع ملتے ہی میٹروپول کے قریب اسے نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ تاجر حنیف نے تاحال واقعے کا مقدمہ درج نہیں کرایا اور وہ مقدمہ درج کرانے کے لیے دن میں کسی وقت تھانے آنے کا کہہ کر چلے گئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے ملزمان کی شناخت کے لیے شواہد جمع کرنا شروع کردیئے ہیں، جبکہ اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی چیک کی جارہی ہے تاکہ ملزمان کا سراغ لگایا جاسکے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.