ایکسپریس اردو
کراچی: بکتر بند اور لگژری گاڑیوں کی وائرل ویڈیو کیس میں اہم پیشرفت، مزید 3 ملزمان گرفتار
ڈیفنس میں بلٹ پروف بکتر بند اور لگژری گاڑیوں کی سڑکوں پر نمائش اور سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے کی تحقیقات میں پیش رفت کرلی گئی۔ پولیس نے پہلے سے گرفتار ملزم سفیان کی نشاندہی پر مزید 3 افراد کو حراست میں لے لیا جو ویڈیو میں نظر آنے والی گاڑیوں کے ڈرائیور نکلے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر بکتر بند اور لگژری گاڑیوں کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد درج مقدمے کی تفتیش جاری ہے۔ دوران تفتیش گرفتار ملزم سفیان کی نشاندہی پر مزید تین افراد کو حراست میں لیا گیا، جن کے بارے میں انکشاف ہوا کہ وہ وائرل ویڈیو میں نظر آنے والی گاڑیاں چلا رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ویڈیو بنوانے والے شہری کی لگژری گاڑی بھی ضبط کرلی ہے، تاہم ویڈیو میں نظر آنے والی بکتر بند اور دیگر گاڑیاں تاحال پولیس کے ہاتھ نہیں آسکیں۔ ویڈیو میں شامل بعض لگژری گاڑیوں پر پولیس طرز کی فلیشر لائٹس بھی نصب تھیں، جن کے استعمال کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ مقدمے میں نامزد کمپنی اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرچکی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ڈیفنس کے علاقے دو دریا کے مقام پربلٹ پروف بکتر بند گاڑیوں اور لگژری گاڑیوں کے قافلے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ ساحل میں مقدمہ نمبر 315/2026 درج کیا تھا۔
مقدمے میں مجموعی طور پر 6 افراد کو نامزد کیا گیا تھا، جن میں بکتر بند گاڑیاں فراہم کرنے والی کمپنی ایس اینڈ ٹی آرمرڈ کے منیجر سفیان اور فور بائی فور ایکسٹریم کی مالک نورین شیخ سمیت دیگر افراد شامل تھے۔
ابتدائی کارروائی کے دوران پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرنے کے ساتھ ایک لینڈ کروزر بھی تحویل میں لی تھی۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.