بالی ووڈ کے معروف اداکار پنکج ترپاٹھی کا خیال ہے کہ محبت کو حقیقی معنوں میں سمجھنے کے لیے عمر کے ساتھ تجربہ اور ذہنی پختگی بھی ضروری ہے۔ ان کے مطابق 30 سے 35 سال کی عمر کے بعد انسان محبت اور رشتوں کو بہتر طور پر سمجھ پاتا ہے، جب کہ نوعمری کے بیشتر رومانوی تعلقات دراصل جسمانی کشش سے متاثر ہوتے ہیں۔ محبت اور رومانوی تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے پنکج ترپاٹھی نے کہا کہ ان کے نزدیک نوعمری کی محبت کی کہانیاں اکثر حقیقی محبت کے بجائے جسمانی کشش کے گرد گھومتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی رشتے کی گہرائی کو سمجھنے کے لیے زندگی کا تجربہ، پختگی اور ایک دوسرے کے جذبات کو جاننے کی صلاحیت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اداکار نے اپنے کام کے انتخاب کے حوالے سے بھی بتایا کہ وہ ایسی فلموں اور کہانیوں کا حصہ بننا چاہتے ہیں جنہیں خود دیکھنے میں بھی انہیں دلچسپی ہو اور جن میں کام کرکے خوشی محسوس کریں۔ اپنی نئی فلم ’پریوارک منورنجن‘ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک پختہ عمر کے شخص کی محبت کی کہانی ہے، جس میں محض ظاہری کشش کے بجائے جذباتی وابستگی اور حقیقی محبت کو اہمیت دی گئی ہے۔ فلم میں پنکج ترپاٹھی نے لکھنؤ کے رہائشی ایک ادھیڑ عمر اور تنہا شخص رنجن دوبے کا کردار ادا کیا ہے، جب کہ اداکارہ ادیتی راؤ حیدری ہیلن کے روپ میں نظر آئی ہیں، جو رنجن کے گھر میں ملازمت اختیار کرتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں کے درمیان ایک غیر معمولی رومانوی تعلق پروان چڑھتا ہے۔ واضح رہے کہ ’پریوارک منورنجن‘ میں پنکج ترپاٹھی اور ادیتی راؤ حیدری نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ یہ فلم 13 نومبر کو سونی لائیو پر ریلیز ہوئی تھی۔