نیو کراچی پانچ نمبر میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کی فائرنگ سے سبزی فروش جاں بحق ہوگیا ، مقتول کے اہلخانہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں فائرنگ قرار دے رہے ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ ایکسپریس نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے 5 نمبر خضرا مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ متقول کی شناخت 26 سالہ عمران ولد ریاض کے نام سے کی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقتول کے اہلخانہ بھی عباسی شہید اسپتال پہنچ گئے جہاں انھوں نے بتایا کہ مقتول عمران سبزی فروش تھا  اور جس وقت واقعہ پیش آیا وہ سوزوکی پک اپ پر سبزی کی خریداری کے لیے نیو سبزی منڈی جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر سوزوکی پک اپ کو روک کر لوٹ مار شروع کر دی۔ اہل خانہ کے مطابق عمران نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے۔  اس حوالے سے ایس ایچ او نیو کراچی صنتعی ایریا زاہد لودھی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمران صبا سینما کے قریب کا رہائشی تھا، جسے سوزوکی ڈرائیور نے سبزی منڈی لیجانے کے لیے صبح سوا چار بجے گھر لیا اور گاڑی جیسے ہی گلی سے باہر آئی موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان آئے جس میں سے ایک ڈرائیور کے پاس جبکہ اسلحہ بردار ملزم سوزوکی میں اگلی سیٹ پر بیٹھے ہوئے عمران کے پاس گیا۔ ایس ایچ او کے مطابق ملزم نے اس دوران مغلظات بھی دیں اور اس کی کنپٹی پر پستول رکھ کر گولی مار دی جو بعدازاں اپنے ساتھی کے ہمراہ موقع سے فرار ہوگیا جبکہ گاڑی میں سوار کسی سے کوئی لوٹ مار نہیں کی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعے کے وقت سوزوکی پک اپ میں ڈرائیور اور مقتول کے علاوہ ایک اور شخص بھی سوار تھا تاہم فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ اس حوالے سے پولیس جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے تاکہ فائرنگ کی نوعیت اور ملزمان کی شناخت کے حوالے سے مدد مل سکے۔