ایکسپریس اردو
بلاول بھٹو کی گرو نانک کے 557 ویں جنم دن پر سکھ برادری کو مبارکباد
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے دنیا بھر سے ننکانہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کو ’’جی آیاں نوں‘‘ کہتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا، جو بابا گرو نانک دیو جی کی جائے پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی کی لازوال تعلیمات محبت، انسان دوستی، مساوات اور خدمتِ خلق کے آفاقی اصولوں پر مبنی ہیں، جو مذہبی حدود سے بالاتر ہو کر پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اپنے متنوع مذہبی اور ثقافتی ورثے پر فخر کرتا ہے۔ ہر شہری کو اپنے عقیدے پر آزادی، وقار اور تحفظ کے ساتھ عمل کرنے کا حق آئینِ پاکستان کا بنیادی اصول ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام شہریوں کی برابری، مذہبی آزادی اور تمام مذاہب کا احترام ایک پُرامن، ہم آہنگ اور ترقی پسند معاشرے کی بنیاد ہیں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.