ایکسپریس اردو
احمد پور شرقیہ، پتھروں سے بھرا ٹرک سڑک کنارے کھڑے لوڈر ڈالہ سے ٹکرا کر الٹ گیا، 7 افراد جاں بحق
خیرپور ڈاہا کے قریب ایکسپریس وے پر پتھروں سے بھرا ٹرک سڑک کنارے کھڑے لوڈر ڈالے سے ٹکرا کر الٹ گیا، حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پتھروں سے لدا ٹرک سڑک پر کھڑے لوڈر ڈالے سے ٹکرا کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں لوڈر ڈالے پر سوار متعدد افراد بھاری پتھروں کے نیچے دب گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق لوڈر ڈالے پر 15 افراد سوار تھے، جن میں سے 5 افراد نے بحفاظت نکل کر اپنی جان بچائی، جبکہ دیگر افراد ٹرک کے نیچے دب گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ آپریشن کے دوران پہلے ایک، پھر مزید لاشیں نکالی گئیں اور مجموعی طور پر 7 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار افراد خیرپور ڈاہا سے بہاولپور جا رہے تھے۔ بھاری پتھروں تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.