نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے پی ٹی آئی رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ اسد قیصر نے کے پی کے میں گورنر راج ایمرجنسی نفاذ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اسد قیصر نے اپوزیشن جماعتوں کی اے  پی سی بلانے پر بات کی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرے گی، خیبر پختونخوا میں گورنر راج  ایمرجنسی کے بعد سیاسی قیادت کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کے بدنیتی پر مبنی اقدام کو آئینی عدالت میں چیلنج کر سکتی ہے، حکومت آئین کے غلط استعمال کی غلطی تسلیم کرے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت سنگین اقدامات واپس لے کر اپوزیشن سے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے، اپوزیشن لیڈرز محمود خان اچکزئی، راجہ ناصر عباس، بیرسٹر گوہر مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اب مذاکرات سے حکومت  کا صریحاً انکار غیر جمہوری اور آمرانہ رویہ ہے۔