ایکسپریس اردو
پاکستان کے شاہ زیب رند نے ایک ہی رات میں تین ناک آؤٹس سے ٹورنامنٹ جیت لیا
پاکستان کے اسٹار فائٹر شاہ زیب رند نے میامی میں ہونے والے ’دی ہیلو: 8 مین ٹورنامنٹ‘ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی رات میں تینوں فائٹس ناک آؤٹ سے جیت کر چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔
فلوریڈا کے شہر میامی میں بونک اسٹوڈیوز میں ہونے والے 155 پاؤنڈ لائٹ ویٹ ٹورنامنٹ میں 8 فائٹرز نے حصہ لیا۔ شاہ زیب رند نے کوارٹر فائنل میں نک لونگوریا کو شکست دی جس کے بعد چند گھنٹوں کے دوران سیمی فائنل اور فائنل بھی ناک آؤٹ سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
View this post on Instagram
شاہ زیب رند اس سے قبل سنگاپور میں کیرٹی کومبیٹ چیمپئن شپ KC-49 جیت کر پاکستان کے پہلے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں جہاں انہوں نے فائنل میں برازیل کے برونو رابرٹو ڈی اسس کو شکست دی تھی۔
میکسیکو سٹی میں کیرٹی کومبیٹ 44 کے دوران رند نے پیرو کے مارکو کیوباس کو صرف 21 سیکنڈز میں فلائنگ نی سے ناک آؤٹ کیا تھا۔ وہ سابق تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن ایڈگرز اسکریورز کے خلاف بھی ناک آؤٹ فتح حاصل کرچکے ہیں جبکہ 2023 میں کارلوس گویرا کے خلاف بیئر نیکل ایم ایم اے میں بھی ناک آؤٹ جیت درج کی۔
شاہ زیب رند پاکستان کے نمبر ون رینکڈ ووشو فائٹر ہیں اور ووشو و کک باکسنگ میں ان کا مجموعی ریکارڈ 75 فتوحات اور 4 شکستوں پر مشتمل ہے۔ ان کے مطابق اس ریکارڈ کا بڑا حصہ انہوں نے یوٹیوب ویڈیوز سے خود تربیت حاصل کرکے بنایا۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.