عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے میں عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔ درخواست میں سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ جواب دہندگان اور توہین عدالت کے مرتکبین کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں۔ مزید یہ کہ عدالت انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم بھی جاری کرے۔ پی ٹی آئی نے عدالت سے استدعا کی کہ جواب دہندگان کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ علاوہ ازیں عدالت سے بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ درخواست میں عمران خان کا شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد میں طبی معائنہ کرانے کی استدعا بھی کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر تعینات کرنے یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ توہین عدالت کی یہ درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ عدالت نے اس معاملے سے متعلق کیس کی سماعت پہلے ہی 16 ستمبر تک ملتوی کر رکھی ہے۔