گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ‏ریفرنڈم بلوچستان اور خیبرپختونخوا کا نہیں سندھ اور پنجاب کا مسئلہ ہے۔ وہ گزشتہ روز سولر اور ای بائیک نمائش کے موقع پر میڈیا سے بات چیت اور تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کے حوالے سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہورہے ہیں پہلی ترجیح دہشت گردی کا خاتمہ ہے یہ جنگ ہارنے کا تصور نہیں کرسکتے ہم جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری پارٹی گالم گلوچ والی نہیں، مولانا فضل الرحمان سے احترام کا رشتہ ہے مولانا فضل الرحمان نے جب شہداء کے خلاف بات کی تو پھر اس کا جواب دیا، بالکل میں وفاق کا نمائندہ ہوں، صدر زرداری کا نامزد کردہ گورنر ہوں جب وہ کہیں گے گورنر شپ چھوڑ دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کو بلاول بھٹو کے خلاف بیانات نہیں دینے چاہئیں، بلاول نے اپنا موقف بیان کیا ہے معاملات کو اتنے کشیدہ نہیں ہونے چاہیے کہ مذاکرات میں رکاوٹ ہو، شوکت یوسف زئی کو ٹی وی پر روتے سب نے دیکھا ہے، شوکت یوسف زئی کا سافٹ وئیر آپ ڈیڈ ہوا ہے جو ہر جگہ نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‏ریفرنڈم بلوچستان اور خیبرپختونخوا کا مسئلہ نہیں ہے، ریفرنڈم سندھ اور پنجاب کا مسئلہ ہے، جن صوبوں میں مسئلہ ہے ادھر جو آئین اور قانون اجازت دیتا ہے اس کے مطابق ہونا چاہیئے، مولانا فضل الرحمان کا گھر میرا اپنا گھر ہے، ہر سیاسی لیڈر کی عزت کرتا ہوں ایشوز پر اختلافات ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے مولانا صاحب کو جو لقب دیے اس پر معافی مانگیں، پی ٹی آئی نے جو رویہ اختیار کیا صوبے کا بیڑہ غرق کس نے کیا؟ اس لئے گورنر راج لگایا گیا صوبے جو بچانے کے لئے گورنر راج لگایا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کو صوبے کے قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، خیبرپختونخوا میں شمسی توانائی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ گورنر نے نمائش کے مختلف اسٹالز کا معائنہ بھی کیا اور قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش قابلِ تجدید توانائی، جدید سولر سسٹمز اور سرمایہ کاری کے مواقع کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔