ایکسپریس اردو
ایس آئی یو ٹی میں ڈاکٹر اظہر راشد چیف آف آنکولوجی سروسز مقرر
سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن نے معروف آنکولوجسٹ ڈاکٹر اظہر راشد کو چیف آف آنکولوجی سروسز مقرر کر دیا ہے۔
اس تقرری کے بعد کراچی اور سکھر میں ایس آئی یو ٹی کے کینسر کیئر نیٹ ورک کے تحت میڈیکل اور ریڈی ایشن آنکولوجی کی خدمات کو مزید منظم اور مستحکم کیا جائے گا.
ڈاکٹر اظہر راشد ایک تجربہ کار کلینیکل اور ریڈی ایشن آنکولوجسٹ ہیں۔ انہیں میڈیکل آنکولوجی، ریڈی ایشن آنکولوجی اور اسٹیریوٹیکٹک ریڈیوسرجری کے شعبوں میں خصوصی مہارت حاصل ہے۔
انہوں نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف ناٹنگھم سے آنکولوجی میں ایم ایس سی کیا ہے اور وہ ایف سی پی ایس کوالیفائیڈ آنکولوجسٹ بھی ہیں۔اس نئی ذمہ داری کے تحت ڈاکٹر اظہر راشد کراچی سے سکھر تک ایس آئی یو ٹی کے کینسر سروسز نیٹ ورک میں میڈیکل اور ریڈی ایشن آنکولوجی کی خدمات کی نگرانی کریں گے۔
وہ بنیادی طور پر کراچی میں واقع مہرالنساء میڈیکل کمپلیکس میں خدمات انجام دیں گے۔اپنے وسیع تجربے اور آنکولوجی کے مختلف شعبوں میں مہارت کی بنیاد پر ڈاکٹر اظہر راشد ایس آئی یو ٹی میں کینسر کے علاج کی خدمات کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ مریضوں کے لیے مفت علاج کے معیار اور خدمات کے تسلسل کو مزید مضبوط بنانے میں بھی معاون ہوں گے۔
ایس آئی یو ٹی کا فلسفہ، ہر مریض کو معیاری علاج مفت، عزت نفس کے ساتھ اور بغیر کسی امتیاز کے فراہم کرنا ہے۔ ڈاکٹر اظہر راشد کی تقرری اسی مقصد کے تحت کینسر کے علاج کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کی جانب ایک پیش رفت ہے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.