ایکسپریس اردو
بھارتی اداکارہ شہناز گل نے خود پر ہونے والی ٹرولنگ پر دلچسپ مؤقف بیان کردیا
پنجابی اداکارہ اور گلوکارہ شہناز گل نے سوشل میڈیا ٹرولنگ اور اپنے بارے میں بننے والی خبروں پر ایسا دلچسپ ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے تنقید کرنے والوں کے لیے بھی مزاح کا پہلو تلاش کرلیا۔
شہناز گل کا کہنا ہے کہ لوگ انہیں ٹرول کرتے ہیں کیونکہ ان افراد کو ویوز کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کے مطابق میڈیا یا سوشل میڈیا پر ایسی سرخیاں بنانا بھی اسی ضرورت کا حصہ ہے، کیونکہ اگر خبر کے عنوان میں کوئی چونکا دینے والی یا منفی بات نہ ہو تو اسے لوگوں تک پہنچانا اور توجہ حاصل کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
اداکارہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر گفتگو کے دوران ان کی زبان سے کوئی بات نکل جائے اور وہ خبر کی سرخی بن جائے تو وہ یہی دعا کرتی ہیں کہ کم از کم ان کی وجہ سے متعلقہ لوگوں کو کچھ ویوز حاصل ہوجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھی باتوں سے شاید کسی کو زیادہ فائدہ نہیں ہوا، لیکن اگر ان کے کسی جملے سے کسی کا بھلا ہوجائے تو یہ بھی اچھی بات ہے۔
حال ہی میں پنجابی فلم ’سنگھ ورسز کور 2‘ میں نظر آنے والی 32 سالہ اداکارہ سے جب ان کے اس بے ساختہ اور مزاحیہ انداز کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے خون میں پنجابیت ہے، اسی لیے وہ کامیڈی کرنے کی کوشش نہیں کرتیں بلکہ خود ہی لوگوں کو کامیڈی لگتی ہیں۔
شہناز کے مطابق لوگوں کو ان کا یہ انداز پسند آتا ہے کیونکہ وہ اسے جان بوجھ کر اختیار نہیں کرتیں، بلکہ یہ ان کی شخصیت کا قدرتی حصہ ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے کبھی کسی کو اپنے اوپر حاوی ہونے کی اجازت نہیں دی۔ ان کے بقول کسی نے انہیں یہ نہیں بتایا کہ میڈیا کے سامنے انہیں کس طرح بات کرنی، چلنا یا اپنا رویہ رکھنا چاہیے۔
شہناز کا کہنا تھا کہ انہیں وقتاً فوقتاً بہت سی باتیں سننے کو ملیں، لیکن وہ اس اصول پر قائم ہیں کہ انسان کو اپنی اصل شخصیت کے ساتھ ہی رہنا چاہیے اور خود کو دوسروں کی توقعات کے مطابق تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.