پاکستان میں پہلی بار لاہور سفاری پارک میں زرافہ کیفے قائم کیا گیا ہے، جہاں شہری زرافوں کو اپنے ہاتھوں سے خوراک کھلانے کے ساتھ ان کے قریب بیٹھ کر چائے اور کافی سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔ جنگلی ماحول کے تھیم پر تیار کیا گیا یہ کیفے لاہور سفاری زو کے ری ویپنگ منصوبے کا حصہ ہے۔ انتظامیہ کے مطابق کیفے کو جلد عوام کے لیے کھولنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ سفاری پارک میں تفریح کے لیے آنے والی ایک فیملی کی رکن زینب علی نے کہا کہ زرافوں کے قریب بیٹھ کر کافی پینا اور انہیں اپنے ہاتھوں سے خوراک کھلانا ایک منفرد تجربہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ زرافہ کیفے جلد کھولا جائے تاکہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ایک اور شہری عبدالرحمن نے بتایا کہ انہوں نے الیکٹرک وہیکل میں بیٹھ کر زرافہ زو کا نظارہ کیا۔ ان کے بقول، ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے افریقا کے کسی جنگل میں موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ زرافوں کو اپنے ہاتھوں سے خوراک کھلانے اور اس ماحول میں بیٹھ کر چائے پینے کے منتظر ہیں۔ لاہور سفاری پارک میں اس وقت 10 زرافے موجود ہیں، جن میں دو نر اور آٹھ مادہ ہیں۔ یہ زرافے ستمبر 2025 میں جنوبی افریقا سے پاکستان لائے گئے تھے۔ زرافوں کی رہائش کے لیے اسپیشل کمرے اور انکلوژر بنایا گیا ہے جہاں 24 گھنٹے ان کی نگرانی کی جاتی ہے۔ زرافوں کے لیے بنائے گئے رہائشی بلاکس میں درجہ حرارت کو 25 ڈگری تک رکھا جاتا ہے کیونکہ یہ زیادہ گرمی برداشت نہیں کر سکتے۔ لاہور سفاری زو کی ویٹرنری افسر ڈاکٹر وردہ گل کے مطابق زرافے سماجی جانور ہیں اور گروپ کی صورت میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ وہ ماحول سے مانوس ہونے کے ساتھ انسانوں کے بھی عادی ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زرافوں کو متوازن خوراک فراہم کی جاتی ہے، جس میں سبز چارہ، منرلز اور دیگر ضروری اجزا شامل ہوتے ہیں۔ زرافے درختوں کی شاخوں سے پتے کھانا بھی پسند کرتے ہیں۔   ڈاکٹر وردہ گل کے مطابق سفاری پارک میں موجود تمام زرافوں کی نشوونما تسلی بخش ہے اور ان کے قد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انتظامیہ کو امید ہے کہ مستقبل میں ان کی افزائش نسل بھی ممکن ہو سکے گی۔ اگر ایسا ہوا تو پاکستان میں زرافوں کی افزائش نسل کے حوالے سے یہ ایک اہم پیش رفت ہوگی۔ زرافہ کیفے کے انتظام اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے انتظامیہ نے اسے تین سالہ لیز پر دینے کی غرض سے درخواستیں طلب کر رکھی ہیں۔ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ کسی معروف کافی برانڈ کے ساتھ معاہدہ کیا جائے تاکہ کیفے کو پیشہ ورانہ انداز میں چلایا جا سکے۔ انتظامیہ کے مطابق معاہدہ طے پانے کے بعد زرافہ کیفے کو عام شہریوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد سفاری پارک آنے والوں کو تفریح کی ایک نئی سہولت فراہم کرنا ہے، جہاں وہ زرافوں کو قریب سے دیکھنے اور ان کے بارے میں جاننے کا موقع حاصل کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ لاہور سفاری پارک کا انتظام پنجاب وائلڈ لائف رینجرز کے پاس ہے، جبکہ پارکنگ، داخلہ ٹکٹوں، الیکٹرک وہیکلز اور دیگر سہولتوں کے ٹکٹوں کا ٹھیکہ نجی کمپنی کے پاس ہے۔ زرافہ کیفے کی باقاعدہ افتتاحی تاریخ اور اس کے لیے منتخب کیے جانے والے آپریٹر سے متعلق حتمی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔