ایکسپریس اردو
تھر خشک سالی امدادی پیکیج پر فوری عمل درآمد کی باضابطہ منظوری دے دی گئی
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تھر خشک سالی امدادی پیکیج پر فوری عمل درآمد کی باضابطہ منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت تھرپارکر اور عمرکوٹ کے لیے امدادی پیکیج پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی دوست محمد راہمون، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق راج ویر سنگھ سوڈھا، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خالد حیدر شاہ اور سیکریٹری خزانہ اصغر میمن شریک ہوئے جبکہ کمشنر میرپور خاص نے زوم کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں گزشتہ خشک سالی کی طرح متاثرین کو رعایتی، مفت گندم اور غذائی امداد فراہم کرنے کی تجویز دی گئی۔
وزیرعلیٰ سندھ نے متاثرین کو فوری ریلیف پہنچانے کے لیے نقد رقم دینے کی مںظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ خشک سالی متاثرین کے لیے 5 ارب 30 کروڑ روپے کے امدادی پیکیج پر عمل درآمد کیا جائے۔
امداد کی پہلی قسط یکم دسمبر، دوسری یکم جنوری، تیسری یکم فروری کو جاری ہوگی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر مستحق خاندان کو 8 ہزار روپے تین قسطوں میں فراہم کیے جائیں گے، فوری امداد ترجیح ہے، انتظامی تاخیر سے کوئی مستحق محروم نہ رہے۔
چیف سیکریٹری کو متعلقہ محکموں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رابطے کی ہدایت بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ منتخب نمائندے مستحق خاندانوں کی نشاندہی اور امدادی عمل میں کردار ادا کریں، امداد کی شفاف، منصفانہ تقسیم اور نچلی سطح پر مؤثر فراہمی یقینی بنائی جائے۔
تھرپارکر کو آفت زدہ قرار دینے کی تجویز جبکہ کالوئی کی 9 نہری دیہات مستثنا قرار دی گئیں۔ عمرکوٹ کے صحرائی علاقوں کے 25 دیہات مجوزہ آفت زدہ علاقوں میں شامل ہیں۔
تھرپارکر میں پی ایم ٹی صفر تا 40 اسکور والے 192,931 گھرانے اور عمرکوٹ میں پی ایم ٹی صفر تا 40 اسکور والے 80,735 گھرانے بے نظیر پروگرام میں شامل ہیں۔
تھرپارکر میں پی ایم ٹی صفر تا 32 اسکور والے 129,092 گھرانے اور عمرکوٹ میں پی ایم ٹی صفر تا 32 اسکور والے 61,799 گھرانے موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ نے امدادی فہرستوں کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے تصدیق، دہرا اندراج اور تاخیر روکنے کی ہدایت کی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ مویشی پال اور بارانی کاشتکار خاندانوں کو خشک سالی کے اثرات سے بچانا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 4 ہزار روپے ڈی اے پی کھاد سبسڈی دینے کا بھی اعلان کر دیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کو گندم فراہمی پر فی من 2 ہزار روپے اضافی امداد دی جائے گی۔ کاشت کاروں کی مدد غذائی تحفظ، زرعی سرگرمیوں اور دیہی معیشت مضبوط بنانے میں اہم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھرپارکر اور عمرکوٹ کے متاثرہ خاندانوں، کسانوں اور کمزور طبقات کی مدد حکومت کا عزم ہے، 5ارب 30 کروڑ روپے کا امدادی پیکیج خشک سالی متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد اور کسانوں کے تحفظ کے لیے ہے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.