آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ کپتان پیٹ کمنز کی حالیہ طویل پریس کانفرنس کے دوران ان پر کی جانے والی تنقید سے انہیں شدید دکھ پہنچا، تاہم وہ آج بھی کمنز سے بے حد محبت کرتے ہیں اور ہمیشہ انہیں آسٹریلیا کا کپتان برقرار دیکھنا چاہتے تھے۔ پوڈکاسٹ دی گریڈ کرکٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے عثمان خواجہ نے کہا کہ وہ پیٹ کمنز کو بحیثیت انسان اور قائد ہمیشہ پسند کرتے رہے ہیں لیکن انہیں توقع نہیں تھی کہ کمنز اس انداز میں ذاتی طور پر ان پر تنقید کریں گے۔ عثمان خواجہ کے مطابق کمنز نے جس طویل انداز میں ان کے بیانات پر ردعمل دیا اور مسلسل تنقید جاری رکھی، وہ ان کے لیے انتہائی مایوس کن تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پیٹ کمنز کا ایسا پہلو پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔ عثمان خواجہ نے انٹرویو میں یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کو ایک تجویز بھیجی تھی جس میں 2018 کی آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے ایک مشترکہ بیان کا مسودہ شامل تھا۔ اس کا مقصد جنوبی افریقا کے دورے کے دوران بال ٹیمپرنگ تنازع کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی ختم کرنا تھا۔ واضح رہے کہ خواجہ کی سوانح عمری صبر کی اشاعت کے بعد آسٹریلوی کرکٹ میں نیا تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔ کتاب میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ بال ٹیمپرنگ کے لیے سینڈ پیپر کا استعمال صرف نیولینڈز ٹیسٹ تک محدود نہیں تھا بلکہ اس سے متعلق سرگرمیاں دیگر مواقع پر بھی جاری رہی تھیں اور ان کے مطابق ٹیم کے تمام کھلاڑی اس معاملے سے آگاہ تھے۔ بعد ازاں کیمرون بینکرافٹ نے بھی گزشتہ ہفتے ایک تفصیلی مضمون میں اپنا مؤقف پیش کیا جبکہ پیٹ کمنز نے تقریباً 68 منٹ طویل پریس کانفرنس میں خواجہ کے دعوؤں کو مکمل طور پر غلط قرار دیا تھا۔ کمنز نے اس موقع پر خواجہ کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ لوگوں کی زندگیوں سے متعلق معاملات کو غیر سنجیدگی سے پیش کر رہے ہیں۔ اس تنازع کے باوجود عثمان خواجہ نے واضح کیا ہے کہ وہ پیٹ کمنز کی قیادت کے معترف ہیں اور ان کی خواہش ہمیشہ یہی رہی ہے کہ کمنز آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی جاری رکھیں۔