ایکسپریس اردو
خیبرپختونخوا؛ کورکمانڈر پشاور کی سربراہی میں ایمرجنسی اضلاع کیلئے کمیٹی تشکیل
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ایمرجنسی اضلاع کے لیے 12 رکنی ایگزیکٹیو کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
خیبرپختونخوا کے محکمہ گورننس اینڈ ایڈمنسٹریشن سیکریٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا اسپیشل انشیٹیو آرڈیننس کے تحت ایمرجنسی والے اضلاع میں ترقیاتی کاموں اور اسکیموں کی تکمیل بروقت یقینی بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کور کمانڈر پشاور 12 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی کے چئیرمین مقرر کیے گئے ہیں، جس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو وائس چئیرمین، ڈائریکٹرسوشل اسٹیبیلیٹی الیون کور فوکل پرسن ہوں گے۔
کمیٹی میں سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، چیف انجینئر پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ، سیکریٹری مالیات، سیکریٹری اقتصادی ترقیات، فارمیشن کمانڈرز، کمانڈر انجینئر کور کو شامل کیا گیا ہے جب کہ 11 کور اور چیئرمین کی منظوری سے کسی دوسرے رکن کی شمولیت ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کمیٹی ایمرجنسی والے اضلاع میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو بروقت یقینی بنائے گی۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.