مری میں مسیاڑی کے علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھریلو جھگڑے کے دوران کم سن بچے کو مبینہ طور پر زندہ کورنگ نالے میں پھینک دیا گیا جس کے نتیجے میں بچے کی موت  واقع ہوگئی۔ پولیس کے مطابق بچے کی لاش کورنگ نالے سے برآمد کرلی گئی جبکہ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ بچے کو گھریلو جھگڑے کی وجہ سے نالے میں پھینکا گیا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کو زندہ نالے میں پھینکنے والی مبینہ ملزمہ کو تحویل میں لے لیا ہے۔ بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق تھانہ مری میں واقعے کا مقدمہ بھی درج کیا جا رہا ہے۔ ڈی پی او رضا تنویر سپرا نے کہا کہ بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، معصوم بچے کو نالے میں پھینکنے والی خاتون کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔