انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس کی اپنی کنڈیشنز میں شکست دینا آسان نہیں، کیونکہ وہ ایک مضبوط ٹیم ہے اور اسے ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہے۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے برینڈن میک کولم نے کہا کہ پاکستان آکر خوشی ہوئی، وہ گزشتہ چند برسوں میں کئی بار ملک کا دورہ کرچکے ہیں اور یہاں ہمیشہ بہترین کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور یہاں کے ماحول کو بھی سراہا۔ انگلش کوچ کا کہنا تھا کہ سہ فریقی سیریز میں پاکستان اور سری لنکا دونوں مضبوط حریف ہیں۔ پاکستان کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کے ساتھ بدلتی صورتحال کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔ برینڈن میک کولم نے کہا کہ سری لنکا کو بھی اس کی ہوم کنڈیشنز میں ہرانا آسان نہیں۔ پروفیشنل کرکٹرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر صورتحال میں بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے جیتنے کی کوشش کریں۔