عظیم صحافی اور پاکستان میں انسانی حقوق تحریک کے ایک اہم ستون حسین نقی کے انتقال سے مظلوموں کی مزاحمتی تحریک کو ایک دھچکا لگا ہے۔ انھوں نے زمانہ طالب علمی میں قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں، جب وہ صحافی بنے تو ملازمتوں سے برطرفی اور قیدوبند کی صعوبتیں ان کی زندگی کا حصہ رہیں۔ حسین نقی 1936 میں لکھنو میں پیدا ہوئے۔ حسین نقی کے والد ایک وکیل تھے اور وہ کانگریس کے زبردست حامی تھے۔ حسین نقی نے شیعہ کالج لکھنو سے چھٹی جماعت سے ایف ایس سی تک تعلیم حاصل کی۔ پھر وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی گئے مگر ان کا دل نہ لگا۔ وہ 1950میں اپنی بہن اور بہنوئی کے ساتھ پاکستان آگئے اور کراچی میں ڈی جے کالج کے کیمسٹری ڈپارٹمنٹ میں انھیں داخلہ مل گیا۔ مگر پھر حسین نقی لاہور چلے گئے اور اسلامیہ کالج سول لائنز میں داخلہ لے لیا۔ حسین نقی پہلی دفعہ اسلامیہ کالج طلبہ یونین کے سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے۔ حسین نقی نے کالج کے بااثر ہیڈ کلرک کے اختیارات کو چیلنج کیا تو کالج کے پرنسپل پروفیسر حمید اﷲ خان نے انھیں اپنے دفتر میں بلا کر کہا کہ ’’ایک ہی صورت ہے کہ یا میں پرنسپل شپ سے مستعفی ہوجاؤں یا آپ کو کالج سے نکال دیا جائے۔‘‘ نقی صاحب نے کہا کہ ’’آپ استعفیٰ نہ دیں‘‘ مگر بعد میں اس ہیڈ کلرک نے حسین نقی کو گلے لگالیا اور حسین نقی نے اسلامیہ کالج سے ہی گریجویشن کیا ۔ اس وقت بائیں بازو کی طلبہ تنظیم نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن طلبہ کی واحد نمایندہ جماعت تھی۔ حسین نقی کا شمار جلد ہی این ایس ایف کے رہنماؤں میں ہونے لگا۔ اس وقت صدر جنرل ایوب خان کی حکومت نے نئی تعلیمی پالیسی نافذ کی تھی۔ اس پالیسی کے تحت ڈگری کا تین سالہ کورس رائج کیا گیا تھا۔ نئی پالیسی میں طلبہ کی سرگرمیوں پر کئی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ این ایس ایف نے تین سالہ ڈگری کورس کے خلاف ایک تحریک منظم کی۔ حکومت نے اس تحریک کو کچلنے کے لیے سخت طریقہ استعمال کیا۔ این ایس ایف کے رہنما گرفتار ہوئے اور 12رہنماؤں کو کراچی بدر کیا گیا ۔ان رہنماؤں میں معراج محمد خان، فتحیاب علی خان، مختار رضوی، نفیس صدیقی، جوہر حسین، نواز بٹ، امیر حیدر کاظمی، واحد بشیر، خرم مرزا، سید سعید حسن، آغا جعفر اور حسین نقی شامل تھے۔ یہ رہنما جس شہر جاتے تھے ،اس شہر کا ڈپٹی کمشنر ان رہنماؤں کو اپنے شہر سے بے دخل کردیتا تھا۔ اس وقت کے مغربی پاکستان کے گورنر امیر محمد خان کو این ایس ایف کا مطالبہ ماننا پڑا اور ان رہنماؤں کو کراچی بدر کرنے کے احکامات منسوخ ہوئے۔ حسین نقی نے کراچی یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات میں داخلہ لے لیا۔ کراچی یونیورسٹی میں پہلے طلبہ یونین کا صدر وائس چانسلر ہوتا تھا مگر این ایس ایف کی تحریک کے نتیجے میں طلبہ یونین کے آئین میں ترمیم ہوئی اور حسین نقی کراچی یونیورسٹی کی طلبہ یونین کے پہلے صدر منتخب ہوئے مگر کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی این ایس ایف کے سخت مخالف تھے۔ کراچی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے انتخابات کے نتائج منسوخ کردیے، دوبارہ انتخابات ہوئے اور حسین نقی دوبارہ صدر منتخب ہوگئے۔ حسین نقی پھر صحافت کے شعبے میں آئے۔ حسین نقی نے خبررساں ایجنسی PPI میں ملازمت کرلی۔ اس وقت روزنامہ انجام کو بند کرنے کا فیصلہ ہوا۔ حسین نقی کراچی یونین آف جرنلسٹس اور جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کیمٹی کے رکن تھے۔ کے یو جے نے اخبار کی بندش کے خلاف تحریک شروع کردی تھی۔ حسین نقی صحافیوں کی احتجاجی تحریک میں شامل ہوئے تو ان کا تبادلہ حیدرآباد کردیا گیا۔ اس وقت کے صدر ایوب خان شکار کھیلنے حیدرآباد آتے تھے۔ حسین نقی کہتے تھے کہ’’ جب ایوب خان صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے تو وہ خاموش تھے۔‘‘ ایوب خان نے نقی کو دیکھ کر کہا کہ’’ تم بھی سوال کرو۔‘‘ نقی صاحب نے ایوب خان سے پوچھا کہ ’’ کوآپریٹو اسکینڈل میں ملوث اپنے قریبی ساتھیوں کے خلاف بھی کارروائی کریں گے؟‘‘ ایوب خان نے کہا ’’نام بتاؤ۔‘‘ نقی صاحب نے نام بتا دیا۔ اس سوال کرنے پر نقی صاحب کا تبادلہ لاہور کردیا گیا۔ لاہور میں ایک رپورٹ پر پی پی آئی کی انتظامیہ نے حسین نقی کو ملازمت سے برطرف کردیا۔ پھر حسین نقی نے ایک پرچہ ’’پنجاب ٹائمز‘‘ نکالا مگر کچھ عرصہ بعد یہ پرچہ بند ہو گیا۔ پھر حسین نقی نے ایک اور پرچہ ’’پنجاب پنچ‘‘ کا آغاز کیا۔ اس اخبار کے پبلشر ایک سابق بیوروکریٹ مظفر قادر تھے مگر جب پیپلز پارٹی کی پہلی حکومت آئی تو ذوالفقار علی بھٹو نے صدر کے ساتھ سویلین چیف مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر کا عہدہ بھی سنبھال لیا۔ اس وقت پنجاب کے گورنر غلام مصطفی کھر تھے۔ حسین نقی اس دور میں بھی گرفتار ہوئے اور انھیں قید کی سزا سنائی گئی۔ جنرل ضیاء الحق کے دور اقتدار میں حسین نقی نے انگریزی کے رسالہ میں ایک آرٹیکل لکھا۔ حسین نقی کو اس آرٹیکل کی بنیاد پر گرفتار کرلیا گیا اور کئی دن شاہی قلعہ میں رکھا گیا۔ انھیں سردی کے کپڑے اور کمبل تک نہیں دیے گئے مگر نقی صاحب کے عزائم میں کوئی فرق نہ آیا، وہ کئی سال تک پنجاب کی مختلف جیلوں میں نظربند رہے۔ حسین نقی نے 1988 میں پنجابی زبان کا پہلا روزنامہ سجن جاری کیا، یہ بالکل نیا تجربہ تھا۔ جب معروف صحافی آئی اے رحمن اور عزیز صدیقی نے انسانی حقوق کمیشن HRCP میں شمولیت اختیار کی تو رحمن صاحب کے اصرار پر حسین نقی بھی HRCP میں شامل ہوئے۔ معروف صحافی آئی اے رحمن کے صاحبزادے احمر رحمن جن کی جوانی حسین نقی کے ساتھ گزری ،وہ لکھتے ہیں کہ ’’22 نومبر، 2026 : جنازہ میں شرکت اور قبرستان جانے سے گھبراتا ہوں اور کوشش کرتا ہوں کہ کسی طرح تاخیر سے ہی پہنچوں۔ مگر آج میں بلا خوف ایک ایسی شخصیت کی تدفین سے آرہا ہوں جو صرف میرے ہی نہیں نامعلوم کتنے افراد کی پیشہ وارانہ زندگی میں ایک محترم استاد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ شاید ڈر اس لیے نہیں لگا کہ جس کی میت تھی وہ تو خود کسی انسان کے آگے اپنے اصولوں کے لیے نہیں جھکے اور ہمیشہ بلا خوف و خطر اپنے مؤقف پر قائم رہے۔ میں اپنے والد صاحب کی وجہ سے نقی انکل کو بچپن سے ہی جانتا ہوں۔ جب میں ابا کو ملنے یا ان کے ساتھ ویو پوائنٹ جایا کرتا تھا مگر وہ میرے ’’سر‘‘ سن 1996 میں بنے جب میں نے HRCP میں کام کرنا شروع کیا۔ وہاںمیرے دو انکل میرے ’’سر‘‘ بنے دوسرے ’’سر‘‘ عزیز صاحب تھے۔ یہ کام کے حوالے سے HRCP کی تاریخ کے سنہری سال تھے۔ پوری ٹیم کی Leadership میں پاکستان کی کریم شامل تھی۔ دراب پٹیل صاحب سے لے کر جمال احمد صاحب تک جن کی اردو کمپوزنگ کی اسپیڈ سے زیادہ میں نے کسی اور کو نہیں دیکھا۔ کیا کراچی ،کیا پشاور اور کوئی خطہ ایسانہیں تھا جہاں HRCP کا نام متعارف نہ ہوا ہو۔ ایسے ایسے کاموں کے حوالے HRCP کے نام سے جڑے جن میں کئی سرکاری یا غیر سرکاری ادارے ہاتھ ڈالنے سے بھی ڈرتے تھے۔ HRCP کی لیڈرشپ، کارکنان کی کاوشیں اور ممبران کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آواز اٹھائی اور یہ ایک مستند اور طاقتور تنظیم کے طور پر ابھری۔ نقی صاحب ان تمام کاوشوں میں اپنا حصہ ڈالنے میں کہیں بھی پیچھے نظر نہ آئے۔ اپنے اوائل کے دنوں میں، میں نے نقی صاحب سے ایک بار پوچھ لیا کہ’’ سر، آپ یہاں کس پوسٹ پر کام کرتے ہیں ؟‘‘تو مسکرا کر بولے ’’HRCP میں ہر شخص پر کئی ٹوپیاں ہیں، میں بھی کئی کام کرتا ہوں۔‘‘ آہستہ آہستہ میں نے اندازہ لگانا شروع کیا کہ جہدِ حق کی ادارت ان میں سے ایک کام ہے۔ پھر وہ وقت بھی آیا جب میں مختلف دوروں میں بحیثیت اسسٹنٹ نقی صاحب کے ساتھ گیا۔ ہر دورے میں نئی بات سیکھنے کو ملی۔ ایک دور آیا کہ حسین نقی ابا (آئی اے رحمن) کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے انھیں روزانہ سوپ پلانے دفتر کے پیچھے ہاسٹل لے جاتے تھے۔ نظریات سے اختلاف کرنا الگ بات ہے مگر ان اختلافات کے اظہار کا مہذب طریقہ اور دوسرے کی رائے کا احترام الگ۔ یہ بات ایک پدر یا استاد ہی سکھا سکتا ہے۔‘‘ نقی صاحب نے ایچ آر سی پی میں جمہوری اقدار کی پاسداری کے لیے زندگی کے آخری دنوں تک آواز اٹھائی۔ وہ شخصیتوں کو اداروں پر بالادست نہیں سمجھتے تھے۔ میر تقی میر کے یہ شعر حسین نقی کی زندگی کی عکاسی کرتے ہیں۔ مت سہل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں تب خاک کے پردے سے انسان نکلتے ہیں