ایکسپریس اردو
پیرو؛ اڑان سے پہلے مسافر طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی
جنوبی امریکی ملک پیرو کے دارالحکومت لیما کے ہوائی اڈے پر اڑان بھرنے سے قبل مسافر طیارے کے انجن اور پر کے قریب آگ لگ گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پیرو کے دارالحکومت میں جارج شاویز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لیٹم ایئرلائنز کا طیارہ شمالی شہر پیورا جانے کے لیے روانگی کی تیاری کر رہا تھا۔
اس دوران طیارے میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد بائیں انجن اور پر کے حصے سے آگ کے شعلے بلند ہونے لگے اور دھواں اٹھنے لگا۔ جس پر اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔
ایئرلائن نے واقعے کو اڑان سے قبل پیش آنے والی غیر متوقع تکنیکی خرابی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر انہیں طیارے سے اتارنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہوائی اڈے کے فائر فائٹرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
متاثرہ پرواز کا نمبر ایل اے 2302 تھا اور اس کی منزل پیورا تھی۔ ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں کی مدد اور انہیں متبادل پروازوں میں جگہ فراہم کرنے کا انتظام کیا۔
پیرو کے ادارے برائے تحفظ صارفین نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کی نگرانی شروع کردی۔ ہوائی اڈے کی انتظامیہ کے مطابق واقعے کے بعد دیگر پروازوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی۔
حکام کے مطابق طیارے میں آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تکنیکی جانچ کی جائے گی۔ خوش قسمتی سے تمام مسافر بحفاظت ہیں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.