ایکسپریس اردو
لیبیا میں کشتی حادثہ: باجوڑ کے جاں بحق افراد کی غائبانہ نماز جنازہ ادا
لیبیا میں یورپ جانے والی تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے افسوس ناک واقعے میں باجوڑ کے جاں بحق 25 سے زائد افراد میں سے 6 کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لیبیا میں پیش آئے کشتی حادثے میں 25 یا 35 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، ان میں سے 6 افراد کی غائبانہ نماز جنازہ تحصیل ماموند کے علاقے نختر میں ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں اہلِ علاقہ، عمائدین اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔
جاں بحق افراد میں محمد خان ولد درویش خان، سلمان خان ولد زمان خان، گل رازق ولد منان خان، جنید خان ولد جان ولی خان اور لطیف خان ولد یوسف خان شامل ہیں، جن کا تعلق غاخی ماموند سے بتایا جاتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مذکورہ کشتی حادثے میں مجموعی طور پر 35 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ایجنٹ کی جانب سے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے تاہم تاحال کسی بھی جاں بحق شخص کی لاش سمندر سے نہیں نکالی جاسکی۔
حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ لواحقین اپنے پیاروں کی میتوں کی واپسی کے منتظر ہیں۔.
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.