شدید دھند کے باعث موٹروے ایم فور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی، موٹروے پولیس کے ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق ایم فور کے دیگر تمام حصے شمالی اور جنوبی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔ ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹرویز کی بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی جاتی ہے، دھند کے موسم میں دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں، صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔ موٹروے پولیس نے دوران سفر رفتار کم رکھنے، اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے اور لین کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے، شہری غیر ضروری اوورٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔ ترجمان کے مطابق ڈرائیورز سفر سے قبل گاڑی کی فوگ لائٹس، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز کی درستگی بھی یقینی بنائیں تاکہ دھند کے موسم میں حادثات سے بچا جاسکے۔