ایکسپریس اردو
نیتن یاہو نے ٹرمپ کی تعریف میں زمین و آسمان کی قلابیں ملانا شروع کردیں
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کے خلاف امریکی ناکہ بندی اور معاشی دباؤ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے ایران کو دنیا میں عدم استحکام کا سب سے بڑا ذریعہ قرار دے دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران امریکا اور اسرائیل نے ’’تاریخی پیش رفت‘‘ حاصل کی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے بقول ایران اور اس کے اتحادیوں پر مشتمل ’’بدی کے محور‘‘ کو پہلے سے کہیں زیادہ کمزور کردیا گیا۔ دہشت گرد قوتوں کے مقابلے میں امریکی اور اسرائیلی عوام اور صدر ٹرمپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
نیتن یاہو نے ایران کے خلاف امریکی اقدامات خصوصاً ایرانی ناکہ بندی اور معاشی دباؤ کی بھی تعریف کی اور ٹرمپ کو اس پالیسی پر مبارکباد بھی پیش کی۔
یاد رہے کہ ایران کے خلاف موجودہ جنگ کا آغاز 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں سے ہوا تھا جن میں ایران کے سپریم لیڈر بھی مارے گئے تھے۔
یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری تھے اور سفارتی کوششیں بھی فعال تھیں۔ حملوں سے چند روز قبل دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے اگلے مرحلے سے متعلق رابطے بھی جاری رہے تھے۔
اس کے بعد امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں اور ایرانی جوابی حملوں کے نتیجے میں خطے میں جنگ مزید وسیع ہوگئی جبکہ بعد ازاں ایران پر اقتصادی دباؤ اور بحری ناکہ بندی بھی تنازع کا اہم حصہ بن گئی۔
نیتن یاہو نے اپنے بیان میں ایران کی موجودہ کمزور ترین صورتحال کو امریکا اور اسرائیل کی گزشتہ ایک سال کی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا تاہم ایران کے خلاف جنگ اور اس کے اثرات کے حوالے سے دونوں جانب سے متضاد دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.