ایکسپریس اردو
بھارتیوں کی تنگ نظری، پاکستانی نیٹ فلکس سیریز کی ریلیز بھارت میں روکنے کا مطالبہ
پاکستانی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز سے پہلے ہی بھارت میں اس کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔
آل انڈیا سنی ایسوسی ایشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ سیریز کی بھارت میں نمائش پر پابندی عائد کی جائے۔ اس مطالبے پر پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی تنقید سامنے آرہی ہے۔
فرحت اشتیاق کی تحریر کردہ اور مومنہ درید کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ سیریز پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز قرار دی جارہی ہے۔ اس میں معروف فنکاروں کی بڑی تعداد شامل ہے، جس کے باعث اسے عالمی سطح پر بھی ناظرین کی توجہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔
سیریز کے مداح اس کی ریلیز کے منتظر ہیں، تاہم رپورٹ کے مطابق بھارت میں اس کی نمائش کے حوالے سے ایک سال سے زائد عرصے تک رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوششیں کی جاتی رہیں۔ چونکہ نیٹ فلکس کا جنوبی ایشیائی ہیڈکوارٹر بھارت میں ہے، اس لیے ابتدا میں سیریز کی ریلیز میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم بعد ازاں نیٹ فلکس کے مشرق وسطیٰ کے دفتر کے ذریعے اس کی ریلیز ممکن بنائی گئی۔
آل انڈیا سنی ایسوسی ایشن نے اب وزیراعظم مودی سے باضابطہ طور پر مطالبہ کیا ہے کہ سیریز کو بھارت میں ریلیز ہونے سے روکا جائے۔ اس مطالبے پر بعض بھارتی صارفین نے بھی سوال اٹھایا ہے کہ ایک رومانوی کہانی پر مبنی ڈرامے کی نمائش روکنے کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے۔
پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس معاملے پر طنزیہ تبصرے کیے، جب کہ بھارتی صارفین کے ایک حلقے نے کہا کہ پابندیوں کے بجائے بھارتی فلم اور ڈراما انڈسٹری کو اپنے منصوبوں کا معیار اور دائرہ کار بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔
ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ جب بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ مقابلے تقریباً ہر دوسرے ماہ منعقد ہوتے ہیں تو صرف اس لیے کہ ان سے بھارتی کرکٹ بورڈ کو آمدنی ہوتی ہے، وہاں پابندی کیوں نہیں لگائی جاتی؟ ایک اور صارف نے کہا کہ پاکستان میں بھی بھارت مخالف فلمیں ریلیز ہوتی رہتی ہیں، لیکن زیرِ بحث سیریز تو بھارت مخالف بھی نہیں ہے۔ سیریز کے اداکار عمیر رانا نے بھی اس معاملے پر ایک مزاحیہ GIF کے ذریعے ردعمل دیا۔
اداکارہ مشی خان نے بھی ویڈیو پیغام کے ذریعے اس معاملے پر تنقید کی ہے۔
View this post on Instagram
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.