ایکسپریس اردو
ملک کے شوگر سیکٹر میں تاریخی اصلاحات کا فیصلہ، ڈی ریگولیشن کی منظوری
وفاق کے ساتھ ساتھ تمام صوبوں نے بھی شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کی منظوری دیدی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کے وژن کے تحت پاکستان کے شوگر سیکٹر میں تاریخی اصلاحات کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام صوبوں نے شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی پر عملدرآمد کے لیے اتفاق کیا ہےجبکہ سندھ، پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق نئی پالیسی کے تحت شوگر سیکٹر کو حکومتی کنٹرول سے نکال کر مسابقتی اور مارکیٹ بیسڈ نظام کی جانب منتقل کیا جائے گا۔ یہ پالیسی تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور صوبوں کو اعتماد میں لے کر تیار کی گئی ہے جس کا بنیادی مقصد شوگر سیکٹر میں غیر ضروری ریگولیٹری پابندیوں کا خاتمہ اور کاروباری مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔
پالیسی کے تحت گنے کے کاشتکاروں کو اپنی فصل کسی بھی خریدار کو فروخت کرنے کی آزادی ہوگی جبکہ گنے کی قیمت کا تعین مارکیٹ میکنزم کے تحت کیا جائے گا، جس سے کاشتکاروں کو زیادہ تجارتی آزادی اور اپنی پیداوار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے اس کے علاوہ شوگر ملوں کے قیام اور ان کی پیداواری صلاحیت کی منظوری پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد ملیں مارکیٹ کی طلب اور حالات کے مطابق اپنی پیداوار کے فیصلے کر سکیں گی۔
شوگر سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری اور صنعتی مسابقت کے فروغ کے لیے بھی اہم اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جن کے تحت چینی کی درآمد اور برآمد کے لیے قابل پیش گوئی اور شفاف طریقہ کار وضع کیا جائے گا جبکہ چینی کی برآمد پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملک بھر میں چینی کی بین الصوبائی نقل و حرکت آسان بنائی جائے گی اور آزادانہ تجارت و مسابقت کے فروغ کے لیے ریگولیٹری رکاوٹیں ختم کی جائیں گی پالیسی میں کاشتکاروں اور شوگر ملوں کے لیے قرضوں تک رسائی آسان بنانے، زرعی پیداوار اور کارکردگی میں اضافے کے لیے فارم میکانائزیشن اسکیموں کو فروغ دینے اور ایتھنول بلینڈنگ کو لازمی قرار دینے کے لیے کام کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
اسی طرح شوگر سیکٹر میں شفاف قیمتوں کے تعین اور مارکیٹ میکنزم کے فروغ کے لیے کموڈٹی مارکیٹس کی ترقی پر کام کیا جائے گانئی پالیسی کا مقصد کاشتکاروں، ملرز، تاجروں اور برآمد کنندگان سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو فائدہ پہنچانا اور شوگر سیکٹر میں پیداوار، کارکردگی، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت کا مقصد شوگر سیکٹر کو غیر ضروری کنٹرولز سے آزاد کرکے مسابقت، سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت کا مرکز بنانا ہے، جبکہ شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کو پاکستان کی شوگر انڈسٹری کے لیے گیم چینجر قرار دیا جا رہا ہے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.