سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے جمعرات کو دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ ملک کے مغربی حصے میں ایک کروز میزائل اور جدہ کی بندرگاہ کے قریب ایک ڈرون بھی مار گرایا گیا۔ یہ پیش رفت یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض پر حملوں کے دعوے کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے۔ سعودی دارالحکومت میں جمعرات کی نصف شب کے قریب دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے بعد حکام نے فضائی خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا، تاہم کچھ ہی دیر بعد اسے واپس لے لیا گیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے صحافی اور مقامی رہائشیوں کے مطابق ریاض کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں دھماکے کی آواز سنی گئی۔ ایک شہری نے بتایا کہ دھماکے کے باعث ان کے گھر کی کھڑکیاں زور سے لرزنے لگیں۔ حوثیوں کے خلاف لڑنے والے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت کی جانب آنے والے دو بیلسٹک میزائل تباہ کیے۔ ان کے مطابق ملک کے مغربی حصے میں ایک کروز میزائل اور جدہ کی بندرگاہ کے قریب ایک ڈرون بھی مار گرایا گیا۔ ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ تباہ کیے گئے ڈرون کا ملبہ گرنے سے کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی کشیدگی کے دوران مملکت کے اہم تنصیبات اور دارالحکومت میں بلند عمارتیں بھی حملوں کا نشانہ بن چکی ہیں۔