پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اب پہلے سے زیادہ مضبوط نظر آئے گی، صوبوں کے معاملے پر رہنماؤں کی تجاویز کو بانی تک پہنچایا جائے گا اور پھر حتمی فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین کی سربراہی میں ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال سمیت دیگر پر غور اور تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج کی میٹنگ حتمی نہیں تھی، آئندہ دنوں میں ایک اور میٹنگ بلائیں گے، فیصلہ یہی ہوا ہے کہ قوم کو جو مسئلے درپیش ہیں اور صوبوں کے معاملے پر مشاورت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ صوبوں کے حوالے سے مشاورت کر کے اپنی تجاویز ہم بانی تک پہنچائیں گے، اس پر فیصلہ بانی ہی کریں گے، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اجلاس میں پارٹی عہدوں پر تنظیم نو کا فیصلہ بھی کیا گیا، پی ٹی آئی اب آپ کو پہلے سے زیادہ مضبوط جماعت نظر آئے گی۔ سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پی ٹی آئی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، ہم عوام کی آواز کو ہر پلیٹ فارم پر اٹھائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارے اسیران کی پٹیشن نہیں سنی جارہی،  ہمارے سیکڑوں دوستوں کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی کی صحت اور کیس کے حوالے  سے زین قریشی نے تفصیلات بتائی، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری کی بھی صحت ٹھیک نہیں ہے پھر بھی انہیں مکمل طبی سہولیات نہیں دی جارہی۔ اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ پی ٹی آئی عامر ڈوگر نے کہا کہ آج کی میٹنگ بہت اہم تھی، اس میں قومی ایشوز پر بات ہوئی، اراکین نے اپنی تجاویز دیں جبکہ لطیف کھوسہ نے بانی چئیرمین سے ملاقات کے حوالے سے کمیٹی کو بریف کیا اور بانی سے ملنے والی ہدایات بھی اراکین کو دیں۔