وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شنگھائی کے میئر سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے کراچی کو سسٹر سٹی بنانے کی تجویز دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شنگھائی کے میئر ژو ژونگ منگ سے ملاقات کی، جس میں اقتصادی و سرمایہ کاری روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر آبپاشی جام خان شورو، وزیر زراعت محمد بخش مہر، معاون خصوصی قاسم نوید اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی اور شنگھائی کے درمیان باضابطہ سسٹر سٹی شراکت داری قائم کرنے کی تجویز دی تا کہ دونوں بندرگاہی شہروں میں شہری منصوبہ بندی، ٹرانسپورٹ، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے میں تعاون بڑھایا جا سکے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں کے سی آر اور ٹیکنالوجی انفرا اسٹرکچر کے اہم منصوبے جاری ہیں۔ شنگھائی اسمارٹ سٹی منصوبہ بندی میں کراچی کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرے۔ انہوں نے ڈیجیٹل خدمات اور عوامی ٹرانسپورٹ میں شنگھائی کے تجربے سے استفادے کی خواہش ظاہر کی، جس پر شنگھائی کے میئر نے مجوزہ تعاون کا خیرمقدم کیا۔ اس دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے شنگھائی میں ہواوے کے دنیا کے سب سے بڑے تحقیق و ترقی مرکز ’لیان چیو لیک‘ کا بھی دورہ کیا، جو 1600 ایکڑ رقبے پر محیط ہے اور جہاں 10 ارب یوآن سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ بریفنگ کے دوران انہیں بتایا گیا کہ یہاں چِپس، 5G، 6G، AI اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ پر تحقیق جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہواوے کے ساتھ ٹیکنالوجی شراکت داری کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون محض سامان کی خریداری تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس میں مشترکہ منصوبے اور ٹیکنالوجی منتقلی شامل ہو۔ انہوں نے ہواوے کو کراچی ایجوکیشن سٹی میں آر اینڈ ڈی لیبارٹری اور تحقیقی سہولیات قائم کرنے کی دعوت بھی دی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبائی ای پورٹل اور ڈیجیٹل تبدیلی پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت کلاؤڈ انفرا اسٹرکچر، ڈیٹا سینٹرز اور سائبر سیکیورٹی میں ہواوے کا تعاون درکار ہے۔ سندھ میں نوجوان آئی ٹی ماہرین کی بڑی تعداد موجود ہے اور صوبہ ٹیکنالوجی درآمد کرنے کے بجائے مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے ہواوے کو سندھ کی جامعات اور ٹیکنالوجی اداروں کے ساتھ پائلٹ منصوبوں پر کام کرنے اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی پیشکش کی تاکہ اسمارٹ سٹی منصوبوں سے ڈیجیٹل خدمات کو بہتر بنایا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے ان رابطوں کا مقصد چین کے ساتھ شراکت داری سے سندھ کو ٹیکنالوجی مرکز بنانا ہے۔