ایکسپریس اردو
کراچی: بلوچ کالونی میں کثیر المنزلہ عمارت گر گئی، متعدد افراد کے ملبے تلے ہونے کا خدشہ
کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں کثیر المنزلہ عمارت گر گئی جس کے ملبے کے نیچے متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیوحکام نے کہا کہ بلوچ کالونی،شاہراہِ فیصل کے قریب عمارت گرنے کی اطلاع پر کے ایم سی فائر بریگیڈ ، ریسکیو 1122 اور فلاحی تنظیموں کے نمائندے موقع پر روانہ ہو گئے، ہیوی مشینری بھی جائے حادثہ پر طلب کرلی گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے تلے کئی گاڑیاں بھی دبی ہوئی ہیں جب کہ اب تک 2 افراد کو ملبے سے نکال کر طبی امداد کی فراہمی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
چھیپا حکام نے کہا کہ 7 منزلہ عمارت زیرتعمیر تھی، 20 کے قریب مزدور اندر ہونے کا بتایا جا رہا ہے جب کہ کلر کرنے والے بھی اتنے ہی بندے اندر موجود ہیں، ٹوٹل 40 سے 45 افراد بتائے جارہے ہیں جو یہاں کام کر رہے تھے۔
زخمی ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ نادر حسین ولد علی نواز، 30 سالہ شوکت علی ولد لال خان عمر، 22 سالہ احمد ولد ظفر اقبال کے ناموں سے ہوئی جب کہ ایک نوجوان کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔
ٹیپو سلطان تھانے کی حدود بلوچ کالونی، شاہراہِ فیصل کے قریب 6 منزلہ عمارت منہدم ہونے کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ایسٹ نے پولیس کی بھاری نفری کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کردی۔
پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو اداروں کے ہمراہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے ایس ایس پی ایسٹ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور عمارت کے اطراف سیکیورٹی و امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے پولیس اہلکار تعینات کردیے۔
ذرائع ایس بی سی اے نے کہا کہ مہندم والی عمارت کا نقشہ بیسمنٹ گراونڈ پلس 1 منظور تھا، مبینہ طور پر ایس بی سی اے کی سرپرستی میں گراونڈ پلس 6 بنادیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ امدادی آپریشن مکمل کرنے کا حکم دیا، انہوں نے ہدایت کی کہ ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور قریبی اسپتالوں میں ہنگامی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اسپتالوں کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہ برتنے کا حکم دیا۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.