ایکسپریس اردو
وزیراعظم کی پیٹرول اسکیم سے ہماری جدوجہد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، حافظ نعیم
وزیراعظم کی پیٹرول اسکیم پر سربراہ جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا ہے کہ ظالمانہ پٹرولیم لیوی کے خلاف ہماری جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف دینے پر مجبور ہوئی تاہم پیٹرول اسکیم کے باوجود ہماری لیوی کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
اپنے بیان میں حافظ نعیم نے کہا ہے کہ موٹر سائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کا جائزہ لیں گے، وزیراعظم کی اس اسکیم سے پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری ہماری جدوجہد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف ہماری جدوجہد، لانگ مارچ اور دھرنے لیوی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے، وزیراعظم کی اسکیم کا جائزہ لے کر آج رات موقف دیں گے۔
دریں اثنا جماعت اسلامی کے مطابق پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنوں کا 29واں روز ہے، لاہور، کراچی، پشاور، راولپنڈی، ہری پور اور سوات میں دھرنے جاری ہیں، سکھر، چترال، تیمرگرہ سمیت 35 سے زائد مقامات پر بھی دھرنے و احتجاجی کیمپ جاری ہیں دھرنوں کے ساتھ 20 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان آج بٹ خیلہ اور تیمرگرہ میں خطاب کریں گے، حافظ نعیم الرحمان نے لانگ مارچ کے ساتھ دھرنے بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت مذاکرات میں جتنی تاخیر کرے گی دھرنے بڑھتے جائیں گے، عوام کو ریلیف دلوانے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.