ٹینس کے عظیم کھلاڑی راجر فیڈرر ریٹائرمنٹ کے چار سال بعد یو ایس اوپن میں خصوصی شرکت کے لیے نیویارک واپس آرہے ہیں۔ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپئن 25 اگست کو فین ویک کے دوران آرتھر ایش اسٹیڈیم میں نمائشی میچ کھیلیں گے۔ فیڈرر پہلے اپنے سابق حریف اینڈی راڈک کے خلاف ایک سیٹ پر مشتمل سنگلز مقابلے میں حصہ لیں گے، جبکہ ضرورت پڑنے پر فیصلہ کن پوائنٹ کے ذریعے فاتح کا تعین کیا جائے گا۔ اس کے بعد وہ جان میک اینرو کے ساتھ ڈبلز میچ میں راڈک اور آندرے اگاسی کا سامنا کریں گے۔ فیڈرر اور راڈک اپنے کیریئر میں 24 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئے جن میں سوئس اسٹار نے 21 کامیابیاں حاصل کیں۔ فیڈرر نے 2004 سے 2008 تک مسلسل پانچ یو ایس اوپن ٹائٹلز جیتے جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ ہے۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2019 میں یو ایس اوپن میں شرکت کی تھی۔ فیڈرر نے نیویارک واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرانی یادوں میں مزید خوبصورت لمحات کا اضافہ کرنے کے منتظر ہیں۔