سری بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز حکومت پنجاب فرید احمد شیخ نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا، جہاں اے ڈی سی فنانس مظفر مختار اور سکھ رہنما سردار سرجیت سنگھ کنول نے ان کا استقبال کیا۔ فرید احمد شیخ نے گردوارہ صاحب کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور بھارت سمیت دیگر ممالک سے آنے والے سکھ یاتریوں سے ملاقات کرکے انہیں گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر ڈی جی پی آر فرید احمد شیخ نے کہا کہ اندرون اور بیرون ملک سے آنے والے تمام سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، حکومت پنجاب نے ان کی سہولت اور بہترین میزبانی کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کی کوشش ہے کہ تمام یاتری پاکستان سے امن، محبت اور خوشگوار یادیں لے کر واپس جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سری بابا گرو نانک دیو جی کی تعلیمات امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔