ایکسپریس اردو
راولپنڈی میں نالہ لئی بپھرنے سے سیلاب کا خطرہ، آبادی کے انخلاء کے لیے سائرن بج گئے، اسکول بند
جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل تیزی سے بلند ہونے لگی جس کے باعث خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور نالہ لئی کے کنارے آباد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو فوری انخلا کی ہدایت کردی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد سے بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی کی جانب بڑھ رہا ہے خطرے کے پیش نظر نشیبی آبادیوں کے انخلا کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح پہلے 14.5 فٹ تک پہنچی اور پری الرٹ لیول عبور کیا بعد ازاں مسلسل اضافے کے ساتھ 18.5 فٹ تک جا پہنچی۔ گوالمنڈی میں بھی پانی کی سطح 7 فٹ سے بڑھ کر 11 فٹ ہوگئی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نیو کٹاریاں میں 120، گولڑہ 119 اور شمس آباد میں 104 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ اس سے قبل بالترتیب 101، 90 اور 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریاز میں شدید بارش کے باعث رین الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے مزید بارش کے نتیجے میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے اور سیلابی ریلے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی سٹی کی حدود میں تمام تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نالہ لئی و دیگر نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے اجتناب کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالہ لئی کے کنارے آباد افراد فوری طور پر علاقہ خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.