بحرین پر ایرانی حملوں کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری اور معذوری کا شکار بحرینی باشندہ زخمی ہوگیا۔ بحرین کی وزارت داخلہ نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ہفتے کے روز ہونے والے ایرانی حملوں میں دو افراد زخمی ہوئے۔ وزارت داخلہ کے مطابق زخمی ہونے والا بحرینی شہری معذوری کا شکار ہے اور اس کی حالت مستحکم ہے جبکہ حملوں میں زخمی ہونے والے پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بحرینی حکام کے مطابق اس سے قبل ایرانی حملے میں ایک شہری صنعتی تنصیب کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی اور املاک کو نقصان پہنچا۔ دوسری جانب بحرین کی دفاعی فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کی جانب آنے والے متعدد ایرانی فضائی حملوں کو روک لیا۔ ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں الرفاع اور عوالی کے فوجی اڈوں پر امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے دو ریڈارز کو میزائل اور ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا۔ تاہم ایرانی فوج کے اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔