بھارت کے سابق اوپننگ بیٹر شیکھر دھون نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ میں شرکت سے انکار کردیا۔ شیکھر دھون نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ میں شرکت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ منتظمین نے ان کی اجازت کے بغیر اسکواڈ میں نام شامل کیا۔ سابق بھارتی کرکٹر نے اس معاملے پر قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔ شیکھر دھون کو ایشیا واریئرز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا جہاں ان کے ساتھ پاکستانی کھلاڑی افتخار احمد اور سہیل تنویر کے نام بھی سامنے آئے تھے۔ تاہم دھون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وضاحت کی کہ انہوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی اور ان کی ٹیم اس معاملے پر مناسب قانونی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے میڈیا اور مداحوں سے درخواست کی کہ غیر مصدقہ اعلانات پر بھروسہ نہ کریں۔ I have come across my name as a participant in the World T20 Continent Cup. My name has been used by the organisers without my knowledge or permission, and my team will be taking the appropriate legal steps to address this. I request the media and my fans to not report or rely… — Shikhar Dhawan (@SDhawan25) October 13, 2026 دوسری جانب ٹورنامنٹ کے منتظمین نے بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دھون ایشیا واریئرز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ان کی عدم شرکت کی وجہ شیڈول میں مسائل اور بعض تکنیکی معاملات بتائے گئے تاہم تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ واضح رہے کہ دھون نے 2024 میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔ وہ بھارت کی جانب سے 34 ٹیسٹ، 167 ون ڈے اور 68 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔