ایکسپریس اردو
وزیر داخلہ سندھ کا ایکشن، تھانہ عزیز بھٹی کے مکمل عملے سمیت متعدد تھانوں کے اہلکار معطل
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیا جہاں ڈیوٹی سے غیر حاضر اور بغیر وردی موجود پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ایس ایچ اوز، ایک سب انسپکٹر سمیت متعدد اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔
وزیر داخلہ سندھ سب سے پہلے فیروز آباد تھانے پہنچے جہاں انہوں نے شہریوں سے مسائل دریافت کیے اور متعلقہ حکام کو فوری حل کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے زیرحراست افراد سے پولیس کے رویے اور دیگر امور سے متعلق بھی معلومات لیں۔
فیروز آباد تھانے میں بغیر وردی موجود عملے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر وسیم کو معطل کرکے ایک درجہ تنزلی کردی گئی جبکہ کانسٹیبل عبدالوہاب کو بھی معطل کردیا گیا۔
بعد ازاں وزیر داخلہ سندھ عزیز بھٹی تھانے پہنچے، جہاں ایس ایچ او انسپکٹر شمشاد چاچڑ کی عدم موجودگی پر انہیں معطل کردیا گیا۔ وزیر داخلہ نے تھانے کا روزنامچہ اور دیگر ریکارڈ بھی چیک کیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے شاہراہ فیصل تھانے کا بھی اچانک دورہ کیا، جہاں ایس ایچ او امتیاز سمیت بیشتر عملے کی موجودگی اور ڈیوٹی کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تھانے کے چھ اہلکاروں کے علاوہ ایس ایچ او سمیت پورے عملے کو معطل کرنے کے احکامات دیے گئے، جبکہ بیشتر اہلکار پولیس یونیفارم میں موجود نہیں تھے۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو وردی میں ڈیوٹی دینا ہوگی، پولیس کا کام عوام کی خدمت اور تحفظ ہے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ دوبارہ تھانوں کا دورہ کریں گے اور کوئی چھوٹا منشی یا بڑا منشی نہیں چلے گا۔
وزیر داخلہ سندھ کا رات گئے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ اور کارروائی کا سلسلہ آخری اطلاعات تک جاری تھا۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.