ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا پر کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے عالمی ادارے کو مالی بحران سے دوچار کرنے اور اس کے اختیارات محدود کرنے کا الزام عائد کردیا۔ الجزیرہ کے مطابق عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کیمیائی ہتھیاروں کے معاملے پر تشویش ظاہر کرتا ہے لیکن دوسری جانب عالمی ادارے کو مفلوج کر رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مالی مشکلات کے باعث کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی تنظیم کو اپنا کام معطل اور اہم پروگرام محدود کرنا پڑ سکتے ہیں۔ عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکا جان بوجھ کر ادارے کے اختیارات کی راہ میں رکاوٹ ڈال کر عالمی امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا ہے، جو شرمناک ہے۔ یاد رہے کہ امریکی انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے ایران پر کیمیائی ہتھیار تیار کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا تھا جسے تہران نے مسترد کردیا تھا۔ دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی عالمی تنظیم کو رواں سال اپنے 8 کروڑ 30 لاکھ یورو کے بجٹ میں تقریباً 2 کروڑ یورو کی کمی کا سامنا ہے۔ ادارے کی سربراہ سبرینا ڈالیافور نے بتایا کہ مالی مشکلات کے باعث اس کے عملی کام دسمبر سے معطل کرنے اور آئندہ سال کے منصوبوں پر نظرثانی کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ رائٹرز کے مطابق امریکا اس تنظیم کا سب سے بڑا مالی معاون ہے اور اکتوبر تک اپنے سالانہ واجبات کا صرف 20 فیصد ادا کر سکا تھا۔