نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین نے موسم سرما کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو پیشی تیاریوں اور تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی وسائل، ضروری اشیا اور رسپانس مشینری کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام مون سون 2026 کے دوران کیے گئے امدادی اقدامات اور موسم سرما کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی تیاری کے لیے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) اسلام آباد میں جائزہ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں متعلقہ اداروں کی جانب سے مون سون2026 کے دوران کیے گئے اقدامات اور موسم سرما کے دوران ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیاری کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں کی جانب سے مون سون 2026 کے دوران ہونے والے نقصانات، ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ صوبائی اور وفاقی اداروں کی جانب سے مون سون نقصانات، امدادی کارروائیوں اور انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ مون سون 2027 سے قبل تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور تجربات سے استفادہ کرنے پر زور دیا گیا اور موسم سرما 27-2026 کے ممکنہ موسمی حالات اور خطرات سے متعلق این ڈی ایم اے کی ٹیکنیکل ٹیم نے بھی بریفنگ دی، پہاڑی علاقوں برف باری، برفانی تودے گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور چٹانیں گرنے کے ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا گیا۔ این ڈی ایم اے کے اجلاس میں موسم سرما کے دوران حساس اور دور دراز علاقوں میں پیشی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا اور سیاحتی مقامات پر انتظامات، ضروری وسائل اور برف ہٹانے والی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے وسائل اور مشینری کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کوآرڈینیشن فورم میں اداروں کے مابین مؤثر رابطہ کاری اور معلومات کے تبادلے پر غور کیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد حسن خٹک نے موسم سرما کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو پیشی تیاریوں کی ہدایت کی اور تمام متعلقہ ادارے ہنگامی وسائل، ضروری اشیا اور رسپانس مشینری کی بروقت دستیابی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون 2026 کے متاثرہ خاندانوں میں معاوضوں کی تقسیم کا عمل وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق تیز کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضوں کی بروقت ادائیگی اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔ اس موقع پر این ڈی ایم اے کا موسمی خطرات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی استعداد، باہمی رابطہ کاری اور پیشی تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔