جنوبی افریقا کے سابق اسٹار بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے 2018 کے مشہور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نیا انکشاف کردیا۔ اے بی ڈی ویلیئرز نے الزام عائد کیا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ ہی سے گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ شروع کردی تھی۔ اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی ویلیئرز نے کہا کہ کیپ ٹاؤن میں تیسرے ٹیسٹ کے دوران کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تاہم یہ عمل اس سے پہلے ڈربن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھی جاری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کنگزمیڈ میں گیند کا غیر معمولی طور پر جلد ریورس سوئنگ ہونا شکوک پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے آسٹریلوی بولرز پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ گیند کی حالت تبدیل ہونے سے متعلق انہیں ضرور علم ہوگا اور اب کھلاڑیوں کو اپنی غلطی تسلیم کرنی چاہیے۔ یہ تنازع اس وقت دوبارہ شدت اختیار کرگیا جب عثمان خواجہ نے دعویٰ کیا کہ بال ٹیمپرنگ منصوبے سے پوری آسٹریلوی ٹیم واقف تھی۔ دوسری جانب بینکرافٹ نے کہا تھا کہ سینڈ پیپر کا استعمال دوسرے ٹیسٹ میں شروع ہوا۔ اس اسکینڈل کے بعد اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بینکرافٹ پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ ادھر کرکٹ آسٹریلیا نے پیٹ کمنز کی ٹیسٹ کپتانی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قیادت کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات مسترد کردیے ہیں۔ کمنز نے بھی اسکینڈل سے لاعلمی کا مؤقف اختیار کیا ہے اور اس پر ڈٹے رہنے کا اعادہ کیا ہے۔