بحرین میں امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو ایران اور اس کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کی جانب سے ممکنہ مسلح حملوں کے خطرے کے پیش نظر انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔ امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ خطے میں امریکی سرکاری حکام اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ایرانی کوششوں اور ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے ممکنہ حملوں کے باعث سیکیورٹی خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔ سفارت خانے نے بحرین میں مقیم امریکی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ممکنہ سیکیورٹی انتباہات، پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری سرگرمیوں میں رکاوٹوں کے لیے تیار رہیں۔ الرٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران بحرین اور کویت میں امریکی اثاثوں کو نشانہ بنانے کے لیے حملے کر چکا ہے، جبکہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ سعودی عرب کے خلاف بھی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ امریکی سفارت خانے کے مطابق حوثیوں کی کارروائیوں میں شہری ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہریوں کا جانی نقصان اور فضائی سفر سمیت دیگر سفری سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی تیزی سے مزید شدت اختیار کر سکتی ہے اور ایران، حوثی گروپ یا ایران کے حامی دیگر عناصر بیرون ملک امریکی مفادات، کاروباری اداروں اور امریکی شہریوں سے وابستہ مقامات کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔ امریکی حکام نے مشرق وسطیٰ آنے اور جانے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹس اور فضائی کمپنیوں کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور ممکنہ سفری مشکلات سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبے تیار رکھیں۔ سفارت خانے نے شہریوں کو ہجوم، مظاہروں اور امریکی مفادات سے وابستہ حساس مقامات سے دور رہنے، مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے اور ہنگامی حالات میں رابطے کے انتظامات یقینی بنانے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ واضح رہے کہ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کی موجودگی بھی اس کو خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم بناتی ہے۔