ایکسپریس اردو
پشاور میں بائیکیا رائیڈر کے قتل کا معمہ حل، بیوی اور سوتیلی ماں ملوث نکلے
شہر میں تین بچوں کے باپ بائیکیا رائیڈر کے اندھے قتل کی واردات کا معمہ حل ہوگیا، تین بچوں کی ماں نے مبینہ طور پر ساتھیوں کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کروا دیا، مرکزی ملزم فرار ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں تین بچوں کے باپ بائیکیا رائیڈر کے اندھے قتل کی واردات کا معمہ حل ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول سلمان کی اپنی بیوی اور سوتیلی والدہ بھی قتل کی منصوبہ بندی میں مبینہ طور پر ملوث نکلے، بیوی کے دوسرے افراد کے ساتھ مبینہ ناجائز تعلقات اور موبائل فون کے استعمال پر شوہر سے اختلافات قتل کی وجہ بنے۔
ملزمان نے سلمان کو راستے سے ہٹانے کے لیے منصوبہ بندی کی اور قتل کی واردات کو رہزنی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ بھانہ ماڑی پولیس نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش اور موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے دو خواتین سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقتول سلمان ولد اشفاق خان سکنہ لنڈی ارباب بھانہ ماڑی محنت مزدوری کے لیے بائیکیا رائیڈر چلاتا تھا، جسے گزشتہ ہفتے 19 نومبر کو تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود گلونو ڈاگ میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد مقتول کے سوتیلے بھائی اسماعیل کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی تھی۔
واقعے کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے، جس پر ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی نگرانی میں ڈی ایس پی یکہ توت سرکل آصف شریف، ایس ایچ او تھانہ بھانہ ماڑی اجمل حیات اور تفتیشی افسران پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
پولیس ٹیموں نے جدید سائنسی طریقوں، ہیومن انٹیلی جنس اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کیا، اس دوران مقتول کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کیا گیا جس سے اہم شواہد سامنے آئے۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مقتول کی بیوی مسماۃ (ا) کے جاوید اقبال اور عابد نامی افراد کے ساتھ مبینہ دوستانہ تعلقات تھے، جن پر مقتول کو اعتراض تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول کی بیوی، اس کی والدہ، ماموں عابد اور ایک دوسرے ساتھی جاوید اقبال نے مبینہ طور پر باہمی منصوبہ بندی کے تحت سلمان کو راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا اور 19 نومبر کو گلونو ڈاگ میں فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا۔
پولیس نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے قتل میں مبینہ طور پر ملوث دو خواتین اور ایک مرد سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ دونوں خواتین کو مزید تفتیش کے لیے وومن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزم جاوید اقبال سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور واردات کے تمام محرکات، منصوبہ بندی اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کے کردار کا تعین کیا جا رہا ہے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.