اولیاء اللہ کا مسکن، بین الاقوامی شہرت یافتہ مہمان نواز پختون زعما، شرح خواندگی میں اپنی مثال آپ، جید علماء کرام، قرآن و سنت کی ترویج و اشاعت اور علم و عرفان کا مرکز میری پہچان صوابی کی محبت میری رگوں میں خون کی طرح دوڑتی ہے۔ میرا صوابی جو مہمان نوازی، امن و آشتی، علم و ادب اور باہمی رواداری کی روشن مثال جانا اور مانا جاتا تھا، مردم خیز، پر امن صوابی جس کی گلیوں میں خلوص کی خوشبو مہکتی اور حجروں میں صلح وصفائی کے فیصلے ہوا کرتے تھے میں گزشتہ کئی سال سے امن امان کی صورتحال خراب ہوگئی تھی، ڈی پی او وقاص رفیق جیسے دبنگ پولیس آفیسر کی تعیناتی کے بعد صورتحال میں کافی بہتری آئی تھی، مگر پتہ نہیں نومبر کے مہینے میں اچانک صوابی اپنے ہی بیٹوں کے خون سے لہولہان ہوگئی، جس سے پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اور ساکھ کو نقصان پہنچا، پتہ نہیں صوابی کو کس کی نظر لگ گئی یا پولیس والوں کو کسی ولی اللہ کی آہ لے ڈوبی۔ انسان عموماً رات کی تاریکی اور سناٹے سے پناہ مانگتا ہے مگر صوابی کے دن اب راتوں کی تاریکی سے بھی زیادہ خوفناک، خطرناک اور جان لیوا ہو چکے ہیں۔ صوابی میں خاندانی دشمنیوں کی وجہ سے قتل اقدام قتل کے واقعات تو وقفے وقفے سے ہوتے رہتے ہیں مگر 10 نومبر 2026 کا سورج صوابی والوں کے لیے قیامت صغریٰ کا منظر لے کر طلوع ہوا، 10 نومبر کو ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے دفاتر سے محض چند قدم کے فاصلے پر دن دھاڑے ایک پرہجوم بازار میں قانون کی عملداری اور رٹ کا جنازہ نکالا اور وہ غدر برپا کیا گیا کہ الامان و الحفیظ۔ مجھے اس دلخراش سانحے کی اطلاع سات سمندر پار ناٹنگھم انگلینڈ میں مقیم میرے ایک عزیز دوست جاوید اقبال یوسفزئی نے فون پر دی، انھوںنے بتایا کہ صوابی میں آپ کے دوست منظور احمد خان آف مرغز پر قاتلانہ حملے میں کئی لوگ شہید اور زخمی ہوئے جبکہ منظور احمد خان سابق طالب علم راہنما، ڈگری کالج مردان طلباء یونین کے سابق صدر اور پی آئی اے کے لیبر یونین پیاسی کے مرکزی راہنما رہے ہیں، آج کل جماعت اسلامی سے وابستہ اور الخدمت فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے خدمت خلق میں مصروف رہتے ہیں۔ میں نے تفصیلات جاننے کے لیے منظور احمد خان سے رابطہ کیا تو انھوں نے اس واقعے کی پوری داستان خود سنائی۔ انھوں نے جو کچھ بتایا وہ اپنی جگہ رہا تاہم اصل بات یہ ہے کہ سانحہ ایک ہی گاؤں کے دو خاندانوں کے درمیان دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ آغاز میں معاملہ لڑائی جھگڑے‘ فائرنگ اور مقدمات کے اندراج تک تھا‘ پھر ایک خاندان کے نوجوان کو گزشتہ ماہ کسی نے قتل کر دیا‘ مقتول کے لواحقین نے منظور احمد خان کو اس قتل میں نامزد کر دیا حالانکہ ان کا کہنا ہے کہ ان کا قتل سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے لیکن پرانی رنجش چلی آ رہی ہو تو شکوک یقینی بن جاتے ہیں۔ 10نومبر کا سانحہ کب اور کہاں پیش آیا۔اس کی تفصیل میں اس واقعہ کے زخمی ہونے والے منظور احمد کی زبانی یوں ہے۔10 نومبر کو اپنے بی بی اے اور مد مقابل فریق اپنے بی بی اے کے لیے صوابی کچہری گئے تھے۔ پیشی سے فارغ ہونے کے بعد جب اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ڈی پی او صوابی سے ملاقات کے لیے جا رہا تھا، پہلے سے گھات میں بیٹھے مسلح افراد نے صوابی جہانگیرہ روڈ پر پنج پیر گاؤں کے قریب ہماری چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ ہماری گاڑی صوابی شہر کے پرہجوم بازار کے رش میں پھنس گئی تو ہم پر قیامت ٹوٹ پڑی۔"  میں نے صوابی رابطہ کیا تو موقع واردات کے عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے چاروں طرف سے منظور احمد خان کے گاڑی کو گھیرے میں لے کر اس پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جسکے نتیجے میں گاڑی میں موجود منظور احمد خان کے دونوں محافظ موقع پر قتل ہوگئے جب کہ گاڑی خود چلانے والے منظور احمد خان زخمی ہوئے۔ اس اندھا دھند فائرنگ نے بازار میں موجود بے گناہ راہگیروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس سانحے میں مجموعی طور پر ایک خاتون سمیت 4 افراد موقع پر جاں بحق اور 11 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ان شہداء میں میرے قریبی جانے والے اور جمعیت علمائے اسلام تحصیل صوابی کے امیر مولانا عبدالصمد کے قریبی عزیز نوجوان عالم دین اور شعلہ بیاں خطیب مولانا قاری آفتاب صاحب بھی شامل تھے۔اللہ رب العزت تمام مقتولین کے درجات بلند فرمائے اور تمام زخمیوں کو صحت کاملہ و عاجلہ مستمرہ عطا فرمائے۔ آمین ثمہ آمین یا رب العالمین ۔ اگر چہ اس کیس میں کچھ گرفتاریاں ہو چکی ہیں مگر لمحہ فکریہ یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ڈی سی، ڈی پی او کے دفاتر اور پولیس اسٹیشن صوابی کے دامن میں مسلح افراد کیوں اور کیسے پھرتے ہیںاور پولیس کہاں غائب ہوتی ہے؟ 10 نومبر کے مقتولین صوابی کے زخموں سے رستا ہوا لہو ابھی خشک نہیں ہوا تھا کہ صوابی کی فضاؤں پر رات کے وقت ایک اور کاری ضرب لگائی گئی۔ تھانہ صوابی کی حدود میں معمول کے گشت پر مامور پولیس وین پر نامعلوم دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا جس میں انچارج چوکی منصوری ایس آئی ولید خان اور کانسٹیبل ذوالفقار خان موقع پر ہی جام شہادت نوش کر گئے جب کہ کانسٹیبل شاہد خان شدید زخمی ہو گیا۔ شہید ہونے والے نوجوان پولیس آفیسر ولید خان کے والد پولیس اہلکار عارف خان بھی ماضی میں اسی دھرتی کے امن کی خاطر فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کر چکے تھے۔ ان پہ در پہ واقعات کے بعد سے آج تک صوابی پر خوف کی چادر تنی ہوئی ہے۔ ایک طرف قانون کی عملداری کا فقدان ہے، دوسری طرف طاقتور اور مسلح افراد کی کھلی بے خوفی ہے جو دن دھاڑے بازاروں اور سڑکوں پر خون کی ہولی کھیلتے ہیں اور تیسری طرف پولیس کی بے بسی کہ وہ خود روز دہشت گردوں کا نشانہ بنتی ہے۔ جب ریاست کے ستون کمزور، قانون طاقتور کے گھر کی لونڈی بن جائے اور عوام الناس کا خون بہنا معمول بن جائے تو سمجھ لینا چاہیے کہ کسی کی آہ لگ گئی یا کسی کی نظر لگ گئی۔ اگر صوابی کی اس بگڑتی ہوئی خوفناک صورتحال کا بھرپور نوٹس نہ لیا گیا، عوام الناس اور پولیس اہلکاروں کو مکمل سیکیورٹی نہیں دی گئی تو آنے والا کل اس سے بھی زیادہ بھیانک ہوگا اور لہولہان صوابی کا یہ مرثیہ تاریخ کے ماتھے پر ہمیشہ ایک بدنما داغ بن کر رہے گا۔