مسقط: وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی عمان کے وزیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان اور عمان کے درمیان اتفاق ہوا کہ ویزا سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں سے رجوع کیا جائے گا، پاکستان اور عمان ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو مؤثر انداز میں فعال کریں گے۔ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے عمان کے قومی دن پر وزیر تجارت کو مبارکباد دی، عمان کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان خوشگوار تعلقات اور جغرافیائی قربت اقتصادی تعاون کے فروغ کی مضبوط بنیاد ہیں۔ عمانی وزیر تجارت نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ پاکستان اور عمان کے درمیان طویل المدتی اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ آٹھویں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں طے پانے والا جامع پروٹوکول دوطرفہ تعاون کا مؤثر روڈ میپ ہے، پاکستان اور عمان کے تاجروں اور کاروباری شخصیات کے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان اور عمان کے درمیان اقتصادی تعاون کو توانائی کے شعبے سے آگے دیگر شعبوں تک وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔