ایکسپریس اردو
کراچی، پولیس مقابلے میں بین الصوبائی گروہ کا ملزم زخمی حالت میں گرفتار
شہر قائد میں ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس نے مبینہ بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس اور ملزمان کے درمیان سیکٹر 17-A میں دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت روشن لال ولد ہری چند کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن، چلیدہ خول، نقد رقم اور موبائل فون برآمد کیا گیا ہے۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے والے دونوں ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جارہی ہے جبکہ اس کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے۔
ترجمان ایس ایس پی ملیر کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.